ہندوستان بارود کی بدبو سے آزادی کا راستہ نہیں روک سکتا: سردار تنویر الیاس

ہندوستان بارود کی بدبو سے آزادی کا راستہ نہیں روک سکتا: سردار تنویر الیاس
ہندوستان بارود کی بدبو سے آزادی کا راستہ نہیں روک سکتا: سردار تنویر الیاس

  

مظفرآباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آزادکشمیر کےسینئروزیراورپاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادکشمیر کے صدرسردار تنویر الیاس نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی مقبوضہ کشمیر کی بہادر عوام کی آواز ہے ہندوستان بارود کی بدبو سے آزادی کی فضاء کا راستہ نہیں روک سکتا ،وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے دنیابھر میں بہادر وکیل ہیں،22 کروڑ عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 مظفرآباد میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات میں  گفتگو کرتے ہوئےسردارتنویر  الیاس خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کشمیری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا،برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کریں،بیرون ملک مقیم کشمیری ریاست میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیداہوں۔

سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول کے لئے اپنی آخری سانس تک جدوجہدجاری رکھیں گے، تنازعہ کشمیر کے پائیدارحل کے لیے حق خود ارادیت ایک معروف قانونی اور جمہوری فارمولا ہے،بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی زیرقیادت بھارتی حکومت کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے دہشت گردی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے لیکن ہندوستانی مظالم کشمیریوں کے عزم کو توڑنہیں سکتے کیونکہ ان مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی مزید مضبوط ہورہا ہے، ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل اور املاک کو تباہ کر رہا ہے،بھارت نے جموں و کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھاہے۔

سینئروزیر سردار تنویر الیاس نےکہا کہ آزادکشمیر کے اندر ہنر مند افراد کی خصوصی تربیت کے  لیے سکل ڈویپمنٹ سنٹر قائم کیے جائیں گے،آئی ٹی پارکس سمیت جدید ٹیکنالوجی سے منسلک دیگر ادارے بھی قائم کرنا ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان کی سلامتی اوردفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،آزادکشمیر پاکستان کادفاعی حصار ہے، اللہ تعالی نے ریاست مدینہ کے بعد پاکستان کودوسری اسلامی نظریاتی ریاست بنایا ہے،اسے ایٹمی ملک بنایا، اب دشمن اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ویژن غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانا اور پاکستان کو مزید مضبوط ملک بنانا ہے۔

انھوں نے کہاکہ نوجوانوں کے روزگار کیلے حکومت آزاد کشمیر انقلابی بنیادوں پر کوشا ں ہے، اب آزاد علاقہ میں تعمیروترقی کا بول بالا ہوگا ،ہر طرف کام ہوتا نظر آئےگا اور کرپشن کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائےگا ،کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج قومی نوعیت کا منصوبہ ہے جو وز یراعظم پاکستان عمران خان کی طر ف سے آزادکشمیر کی عوام کے لیے تحفہ ہے، جس کی گزشتہ  74سال میں مثال نہیں،یہ وزیراعظم عمران خان کی فراخدلی کا اظہار ہے،کشمیر ڈویلپمنٹ فنڈ گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جس کے نتائج آئندہ نسلوں تک جائیں گے،آزادکشمیر میں عام آدمی کی زندگی آسان ہوگی اور اس پراجیکٹ کے تحت فلیگ شپ منصوبے شروع کیے جاسکیں گے۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -