پیپلز پارٹی سندھ نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پر سنگین الزام عائد کردیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلی کے معاونِ خصوصی وقار مہدی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم)پاکستان اور جماعت اسلامی کی شہر قائد میں نفرت کی سیاست کو تقویت دینا قابل مذمت ہے، متحدہ اور جماعت اسلامی کی جانب سے لگائے گئے بینرز میں زبان یکساں ہے۔
وقار مہدی نے کہاکہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کا سکرپٹ رائٹر ایک ہے،دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ایم کیو ایم کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں،عمران خان کا تعلق بھی دیہی علاقے سے ہے لیکن ایم کیو ایم انھیں اپنا وزیراعظم کہتی ہے، ملک کے بانی قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا بھی ٹھٹہ جیسے دیہی علاقے سے تعلق تھا، سندھ کے دیہی علاقوں کی عوام کے خلاف بینرز میں قابل مذمت زبان کا استعمال قومی ہم آہنگی کے خلاف سازش ہے، پیپلز پارٹی کسی کو بھی کراچی کے امن اور قومی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے امن اور ترقی کے آگے سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ایم کیو ایم نے جتنا نقصان کراچی کو پہنچایا وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے، عمران خان کی مہنگائی اور بے روزگاری کے گناہ میں ایم کیو ایم برابر کی شریک ہے، ایم کیو ایم بتائے کہ عمران خان کے اعلان کردہ 1100 ارب کے کراچی پیکیج سے شہرِ قائد کو کیا ملا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نظریاتی طورپر لندن والے پیر اور عملی طور پرنیازی بابا کے کنٹرول میں ہے، جماعت اسلامی نے لسانی سیاست کا حصہ بن کر اپنے آپ کو علاقائی جماعت بنا ڈالا ہے، جماعت اسلامی کے کردار اور افکار پر ہمیشہ سوالیہ نشان رہا ہے، نیا بلدیاتی قانون سندھ کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔