تحریک انصاف کی  حکومت میں زراعت کےشعبہ میں ملک نےکتنی ترقی کی ؟وفاقی  وزیرفخرامام کا اعداد و شمار کےساتھ حیران کن دعوی

تحریک انصاف کی  حکومت میں زراعت کےشعبہ میں ملک نےکتنی ترقی کی ؟وفاقی  ...
تحریک انصاف کی  حکومت میں زراعت کےشعبہ میں ملک نےکتنی ترقی کی ؟وفاقی  وزیرفخرامام کا اعداد و شمار کےساتھ حیران کن دعوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخرامام نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، گزشتہ دوسالوں کے مقابلے میں پچھلے سال پانچ فصلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ دیکھا گیا۔

وزیراطلاعات و نشریات چوہدر ی فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسید فخر امام نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کی تاریخ 1960ء سے 2000ء تک دیکھی جائے تو اس میں چار فیصد زرعی پیداوار کی گروتھ تھی جبکہ 2000ء سے اب تک تین فیصد گروتھ ہوئی ہے،وزیراعظم عمران خان نے زراعت کے شعبہ کو خصوصی طور پر فوکس کیااور کافی حد تک کامیابی حاصل کی گئی ہے، اس ضمن میں دو سالوں میں خصوصاً پچھلے سال گندم کی فصل جو 37 فیصد رقبہ پر کاشت کی گئی تھی اس میں  دو اعشاریہ دو  ملین ٹن ایک سال قبل سے زیادہ پیداوار حاصل ہوئی تھی جس کو اگر آج کی قیمتوں کے مطابق درآمد کرتے تو نقصان ہوتا، اسی طرح سے کپاس کی اس سال نو ملین گانٹھیں ہوئیں جو کہ پچھلے سال سات ملین تھیں،اس سے 750 ملین ڈالر کافائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھان کی فصل کی ریکارڈ کاشت کی وجہ سےدو  اعشاریہ  62 بلین ڈالر ایکسٹرا ایکسپورٹ سے حاصل ہوسکتے ہیں ، اسی طرح مکئی کی فصل پچھلے سال آٹھ اعشاریہ  نو   ملین ٹن تھی جو اس سال نو ملین ٹن تک پہنچی ہے، گنے کی پیداوار 81 ملین ٹن تھی جو کہ اس سال89 ملین ٹن ہوئی جس کی ایکسٹرا چینی اگر برآمد کی جاتی تو اس کی مالیت800 ملین ڈالر بنتی ہے، حکومت نے زراعت کے شعبے کی بہتری کے لئے جو فریم ورک دیا ہے اس میں تمام شعبوں خصوصاً پنجاب نے اپنا حصہ ڈالا اور کاشتکاروں کی آمدن میں 399 ارب روپے تک اضافہ ہوا،مستقبل میں جنرل تعلیم کے علاوہ زرعی تعلیم میں جدت لائی جائے گی، ہماری وزارت میں میکنائزیشن کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا، ہمیں دودھ کی پیداوار اور دودھ سے بنی ہوئی چیزوں کے پلانٹس لگانے پر توجہ دینی ہو گی اور جانوروں کو دی جانے والی خوراک کی کوالٹی کو بھی بہتر کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری لائیو سٹاک کے شعبے کی 60اعشاریہ  سات جی ڈی پی ہے اور 63 ملین ٹن دودھ کی پیداوار ہے جس میں صرف 60 فیصد پراسس ہوتی ہے، دودھ کی پیداوار کے پراسیس کو بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے بہت بہتری آئے گی، وزیراعظم عمران خان مویشیوں کی افزائش نسل کو بڑھانے کے لئے بہت توجہ دے رہے ہیں اور اس میں بہتری سے مویشی پال بھائیوں کامعیار زندگی بلندہو گا،ہم ان تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے جا رہے ہیں۔

سید فخر امام نے کہا کہ دنیا کی صف اول کی 10 صنعتیں ہائی ٹیکنالوجی پر منتقل ہوئی ہیں، ہمیں اس طرف جانا ہے، زراعت اور صنعت کے شعبے وزیراعظم کی خصوصی توجہ کامرکز ہیں، ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف لے کر جانا ہے تاکہ سٹارٹ اپس کو بڑھایا جاسکے،ہم تحقیق کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے علم و تحقیق کے میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی کریں، ہمیں چائنہ کی طرز پر اپنی افرادی قوت ہنر مندبنانا اور فصلوں کی برداشت کے حوالے سے ہمیں جدیدمشینری بنانی ہو گی،چائنہ کے ساتھ مل کر زراعت کے شعبے میں جد ت لارہے ہیں،چینی سائنسدانوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ زراعت کے شعبے میں ہر قسم کا تعاون کرنے کوتیار ہیں۔