آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ، تحریک انصاف کی برتری

آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ، تحریک انصاف کی برتری
آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ، تحریک انصاف کی برتری
سورس: File

  

میرپور(ڈیلی پاکستان آن لائن) آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کے بعد نتائج آنےکا سلسلہ جاری ہے , حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر تمام جماعتوں پر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع میرپور میں 27 میں سے 20 نشتوں پر تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں میرپور،کوٹلی اوربھمبر میں انتخابات ہوئے،۔حلقہ ایل اے 11 سہنسہ کی 11 یونین کونسل نشستوں میں سے 7 نشستوں پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ایل اے 4 میرپور کھڑی شریف کی 10 یونین کونسل میں سے 8 پر تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔

میونسپل کارپوریشن میرپور کے اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق 48 میں سے 46 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 23، مسلم لیگ ن 13،آزاد امیدوار 9، پیپلزپارٹی نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے، ایل اے 13 کوٹلی میں تحریک انصاف نے اپوزیشن کو مات دے دی۔  حلقہ کھوئی رٹہ کوٹلی کی 12 یونین کونسلز میں سے 7 پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی 2، 2 دو نشستوں پر کامیاب ہوئی، ایک نشست کا رزلٹ آنا باقی ہے۔ ‏ڈڈیال سے تحریک انصاف نے کلین سویپ کر لیا ہے، تحریک انصاف کے 8 نامزد امیدوار برائے ضلع کونسل کامیاب قرار پائے ہیں۔ 

اس سے قبل میرپور میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن لڑپڑے، بھمبرمیں بلدیاتی امیدوار کے حامیوں اور  پریزائیڈنگ افسر میں تلخ کلامی کے بعد کشیدگی ہوگئی جس کے بعد تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔کوٹلی میں بھی سیاسی جماعتوں کےکارکن آمنے سامنے آگئے۔میر پور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 31 سال بعد ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں شہری پرجوش نظر آئے، بزرگ شہری بھی ووٹ ڈالنے آئے۔

میونسپل کمیٹیوں کی 49 میں سے 43 نشستوں کے غیرحتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق 18 نشستوں پر آزاد امیدوار جیت گئے۔ پی ٹی آئی کی 10 اور مسلم لیگ ن کی 8 نشستیں ہیں، پیپلز پارٹی 6 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔دیگر نشستوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -