انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ابراراحمد نے 7 وکٹیں لے کر عالمی فہرست میں کونسے نمبر پر جگہ بنا لی اور کتنے پاکستانی ایسا کر سکے ؟ جانئے

انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ابراراحمد نے 7 وکٹیں لے کر عالمی فہرست میں ...
انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ابراراحمد نے 7 وکٹیں لے کر عالمی فہرست میں کونسے نمبر پر جگہ بنا لی اور کتنے پاکستانی ایسا کر سکے ؟ جانئے

  

اسلام آباد (عثمان تنویر )پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز پر پولین پہنچا دی جس میں سب سے اہم کر دار قومی ٹیم کے ڈیبیو کرنے والے سپن باولر ابرار احمد کا رہا جنہوں نے 7 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اس کارنامے کے بعد ابرار احمد نے اپنا نام ٹیسٹ ڈیبیو میچ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولرز کی فہرست میں لکھوا لیا ہے تاہم ان میں وہ 22 ویں نمبر پر ہیں ، لیکن کسی بھی کھلاڑی کیلئے ایسا شاندار آغاز کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے ۔

ٹیسٹ ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں لینے والے ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے تیسرے باولر ہیں جبکہ ان سے پہلے سات وکٹیں لینے کا اعزاز محمد زاہد اور محمد نذیر کے پاس ہے ، محمد زاہد نے 28 نومبر 1996 کو راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 3.3 اوسط سے 20 اوورز میں 66 رنز دیتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی تھی جس کے باعث وہ ٹیسٹ ڈیبیو میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولرز کی فہرست میں 16 ویں نمبر پر ہیں ان کے بعد دوسرے پاکستانی محمد نذیر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ 24 اکتوبر 1969 کو کراچی کے سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 3.28 کی اوسط سے 30.1 اوورز میں 99 رنز دیتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

ابرار احمد ان کے بعد تیسرے پاکستانی باولر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیاہے تاہم عالمی فہرست میں وہ 22 ویں نمبر پر ہیں ،انہوں نے 22 اوورز میں 5.18 کی اوسط سے 114 رنز دیتے ہوہئے 7 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی اور یوں انہوں نے بہترین ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے باولرز کی فہرست میں 22 ویں پوزیشن پر جگہ بنائی ۔ 

ان کے علاوہ اس فہرست میں پاکستان کے تین اور کھلاڑی بھی موجود ہیں ، بلال آصف نے 7 اکتوبر 2018 کو دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 21.3 اوورز میں 1.67 کی اوسط سے 36 رنز دیتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی تھی جس کے باعث وہ ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں 27 ویں پوزیشن پر ہیں ۔

ان کے بعد عارف بٹ کا نام 50 ویں پوزیشن پر ہے جنہوں نے 4 دسمبر 1964 کو میلبرن میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں 3.12 کی اوسط سے 21.3 اوورز میں 89 رنز دیتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی تھی ۔ پاکستان کے پانچویں کھلاڑی تنویر احمد ہیں جنہوں نے 20 نومبر 2010 میں ابو ظہبی کے گرانوڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 4.28 کی اوسط سے 28 اوورز میں 120 رنز دیتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی تھی ۔

مزید :

کھیل -