انڈونیشیا میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 10 مزدور ہلاک
جکارتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈونیشیا میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 10 مزدور ہلاک ہو گئے۔ کان کن مغربی سماٹرا صوبے میں کوئلے کی کان میں موجود تھے جب دھماکے میں ایک اندازے کے مطابق 14 افراد دب گئے۔ مقامی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے ترجمان اوکٹاویانٹو نے ایک بیان میں کہا کہ 'اطلاع کے مطابق یہ کان میتھین کی وجہ سے ہونے والے دھماکے کی وجہ سے گر ی'۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ چار لوگ زندہ بچ گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق معدنیات سے مالا مال جنوب مشرقی ایشیائی جزیرہ نما ملک میں کان کنی کے حادثات عام ہیں، خاص طور پر بغیر لائسنس کے ترک شدہ جگہوں پر جہاں لوگ مناسب حفاظتی سامان استعمال کیے بغیر بچ جانے والی دھاتوں کی تلاش کرتے ہیں۔ اس سال ستمبر میں بورنیو جزیرے پر مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اپریل میں شمالی سماٹرا صوبے میں سونے کی ایک غیر قانونی کان میں 12 کان کن مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔