چین میں مقامی سطح پر تیار کیا گیا مسافر طیارہ ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا

چین میں مقامی سطح پر تیار کیا گیا مسافر طیارہ ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا
چین میں مقامی سطح پر تیار کیا گیا مسافر طیارہ ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین نے جمعہ کے روز مقامی طور پر تیار کیا گیا پہلا طیارہ ایئر لائن کو  فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ طیارہ اگلے سال کمرشل مقاصد کیلئے دستیاب ہوگا۔ بیجنگ کو امید ہے کہ سی 919 کمرشل جیٹ لائنر بوئنگ کے میکس 737 اور ایئر بس کے اے 320  جیسے غیر ملکی ماڈلز کو چیلنج کرے گا۔ چینی ساختہ طیارے  کے زیادہ تر حصے بیرون ملک سے منگوائے جاتے ہیں۔

نیوز 18 کے مطابق 164 مسافروں کی گنجائش  والے  جیٹ کا پہلا ماڈل شنگھائی کے پوڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے حوالے کیا گیا۔ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز سی 919  حاصل کرنے والا پہلا صارف ہے، جسے بوئنگ کے 737 اور ایئربس کے اے  320 کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

سی 919  چائنا ایسٹرن کی طرف سے 2023 تک فراہم کیے جانے والے پانچ آرڈر شدہ طیاروں میں سے ایک ہے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اگلے موسم بہار میں تجارتی طور پر پرواز کرنا شروع کر دے گا۔

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے کہا کہ یہ اقدام چین کی ہوائی جہاز کی صنعت کے سفر میں 'ایک اہم سنگ میل' ہے۔ جمعہ کو سی سی ٹی وی کی طرف سے  نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ جیٹ کو چائنا ایسٹرن کا نشان لگا ہوا ہے جو بارش سے متاثرہ ہوائی اڈے پر کھڑا ہے ۔ 

چین کی سرکاری کمپنی کمرشل ایئر کرافٹ کارپوریشن آف چائنا  نے پچھلے مہینے ایک ائیر شو میں کہا تھا کہ اس نے سی 919 کے 300   آرڈرز حاصل کر لیے ہیں، لیکن یہ واضح نہیں  ہے  آیا ان آرڈرز کی مکمل تصدیق  بھی ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ کس قیمت پر سودے ہوئے ہیں ؟ یہ بھی نہیں بتایا گیا ۔