آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں ، چینی صدر کی فلسطینی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے صدر شی جن پنگ نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات کی جس میں کہا کہ چین آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے ۔
چین کے صدر مسٹر شی جن پنگ نے فلسطین کے صدر محمود عباسی سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور فلسطین دیرینہ دوست ہیں اور چین ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے ، 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہے کے قیام کی حمایت کرتے ہیں ۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا پرامن اور منصفانہ حل مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کا ضامن ہے ، مسئلہ فلسطین نے انسانیت اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اسلامو فوبیا اور دہشتگردی کو کسی رنگ ، نسل یا مذہب سے جڑنے کی مذمت کرتے ہوئے مسترد کرتا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی صدر نے غیر متزلزل حمایت پر چین کے ہم منصب شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطینی عوام کو چین سے تعلقات پر فخر ہے ۔