" اگر آپ کا کتا مر گیا ہے تو اس کو ہمارے سامنے لاکر ثابت کریں" منیجر کا چھٹی مانگنے والے ملازمین کیلئے سخت پیغام، خود کو ہی بڑی سزا مل گئی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کینساس میں اولیو گارڈن ریسٹورنٹ کے ایک منیجر کو ملازمت سے چھٹی کی درخواست کرنے والے ملازمین کو تنبیہ کرنے پر برطرف کر دیا گیا ۔ دی گارڈین کے مطابق منیجر جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ، لیکن اس کا غیر معمولی طور پر سخت پیغام آن لائن گردش کر رہا ہے۔ منیجر نے ایک تحریری نوٹ میں عملے کو بتایا کہ وہ 'حیرت انگیز شرح پر' کام سے دور رہ رہے ہیں۔ دی گارڈین کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منیجر نے کہا کہ ریسٹورنٹ اب ٹیک آف کرنے کے لیے کوئی عذر برداشت نہیں کرے گا۔
منیجر نے اپنے پیغام میں ملازمین سے کہا کہ اگر آپ کا کتا مر گیا ہے تو اس کی لاش ہمارے سامنے لائیں اور اس بات کو ثابت کریں، اگر آپ کی فیملی میں بہت ہی زیادہ ایمرجنسی ہے اور آپ اس بارے میں ہمیں آگاہ نہیں کرسکتے تو کہیں اور جا کر کام کریں۔
منیجر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وہ سخت بیماری کی حالت میں ڈیوٹی پر آئے، راستے میں ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا اور کار ملبے کا ڈھیر بن گئی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے وقت پر ڈیوٹی پر پہنچے، اب کوئی بہانہ نہیں چلے گا، اگر آپ یہاں کام کرنے آئے ہیں اور کام کرنا چاہتے ہیں تو پھر کام کریں۔'مجھے امید ہے کہ آپ یہاں کام جاری رکھنے کا انتخاب کریں گے، اور مجھے لگتا ہے کہ ہم (انتظامیہ) اسے آپ سب کے لیے اتنا ہی آسان بنائیں گے۔'