نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع راج گڑھ سے ایک چور کی انوکھی چوری کی ویڈیو سامنے آگئی.
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چور پٹرول پمپ کے دفتر میں داخل ہوتا ہے. اسی دوران اسے آفس میں ایک مندر نظر آتا ہے. وہ چند لمحوں کیلئے چوری سے رک کر مندر کی طرف متوجہ ہوجاتا ہے. چور پہلے اس چھوٹے مندر میں پوجا پاٹ کرتا ہے اور اس کے بعد درازوں پر ہاتھ صاف کرتا ہے، جاتے ہوئے وہ کچھ دراز کھلے چھوڑ کر چلا جاتا ہے.
این ڈی ٹی وی کے مطابق چور نے منہ پر نقاب لگایا ہوا تھا جس کی وجہ سے فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی. پٹرول پمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چور آفس ایک لاکھ 60 ہزار روپے چرا کر لے گیا ہے.