پہلا وارم اپ میچ آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے روند ڈالا

پہلا وارم اپ میچ آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے روند ڈالا

  

ایڈیلیڈ ( نیٹ نیوز) آسٹریلیا نے گلین میکسویل اور ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت کو وارم اپ میچ میں 106 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 371 رنز بنائے جس میں میکسویل کے 122 اور ڈیوڈ وارنر کے 104 رنز شامل تھے۔ دھونی الیون مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شیکھر دھون، اجنکیا راہانے اور امباتی رائیڈو نے نصف سنچریاں بنائیں۔ پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایڈیلیڈ، اوول میں کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ کینگروز نے 48.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے۔ گلین میکسویل نے طوفانی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 57 گیندوں پر 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 8 فلک شگاف چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، ڈیوڈ وارنر نے 83 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز جڑی، انہوں نے دو چھکے اور 14 چوکے لگائے۔ دیگر بلے بازوں میں جارج بیلی 44 ، شین واٹسن 22 ، ایرن فنچ 20 ، مچل مارش 21 اور مچل جونسن 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین جبکہ امیش یادیو اور موہیت شرما نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ دھونی الیون 372 رنز کا مشکل ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 265 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اجنکیا راہانے 66 ، شیکھر دھون 59 ، امباتی رائیڈو 53، روندرا جدیجا 20 اور ویرات کوہلی 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ روہیت شرما 8 ، سریش رائنا 9 اور کپتان دھونی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین جبکہ مچل سٹارک، مچل جونسن اور جوش ہیزلوڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -