ہفتہ رفتہ کراچی اسٹاک ایکسچینج اتار چڑھاؤ کاشکاررہی

ہفتہ رفتہ کراچی اسٹاک ایکسچینج اتار چڑھاؤ کاشکاررہی

  

 کراچی(این این آئی)کراچی اسٹاک ایکسچینج گزشتہ کاروباری ہفتہ کے دوران اتار چڑھاؤ کاشکار رہی لیکن اس کے باوجود35054پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو چھو لیا اور کاروباری ہفتہ کے دوران ایک بار پھر 34600پوائنٹس پر بند ہو کربلند ترین سطح کا ریکارڈ بنانے کی روایت برقرار رکھی۔ 55 ارب روپے سے زائد کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیزی کا رجحان غالب رہا اور پہلے روز کے ایس ای 100انڈیکس 34676 پوائنٹس جبکہ دوسرے دن کاروباری تیزی کے ساتھ انڈیکس 34827پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔کے ایس ای 100انڈیکس میں گزشتہ کاروباری ہفتہ کے دوران 213.07پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 197.9 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 22489.58پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24730.26پوائنٹس سے بڑھ کر 24887.01پوائنٹس پر بندہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق کیونکہ انڈیکس 35000 پوائنٹس کے قریب ہے اس لئے مارکیٹ تکنیکی درستگی کا شکار ہے جبکہ گزشتہ ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 4 کروڑ ڈالرزسے زائد کاسرمایہ نکالے جانے کے باعث مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اورافراط زر میں کمی کے بعد بینکوں نے شرح سود میں کمی کر دی جس کے بعد سرمایہ کاروں کیلئے یہ دونوں سیکٹر منافع بخش نہیں رہے ۔ جس کے باعث انویسٹرز نے سیمنٹ، توانائی سمیت دیگر منافع بخش شعبوں کا رخ کرلیا اس صورتحال کا مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز نے بھرپورفائدہ اٹھا کر منافع خوری کی خاطر حصص بھی فروخت کئے جس کے سبب مارکیٹ اتار چڑھاؤ کی زد میں رہی۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کاروباری اتار چڑھاؤ کے باوجود سرمائے میں 55ارب 6 کروڑ 65لاکھ 51ہزار 353روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جسکے نتیجے میں مجموعی سرمایہ بڑھ کر 78کھرب 53ارب 48 کروڑ 12 لاکھ 93 ہزار 789روپے ہوگیا۔ مجموعی طور پر 1531کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 651 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 791میں کمی اور 89کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا،کاروبار کے لحاظ سے جہانگیر صدیق کمپنی، پاک انٹرنیشنل بلک، کے الیکٹرک لمیٹڈ، پاک الیکٹرون، پاور سیمنٹ لمیٹڈ، فوجی سیمنٹ اور میپل لیف سیمنٹ سرفہرست رہے ۔

مزید :

کامرس -