5 سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کا مسودہ حتمی منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال
اسلام آباد(آئی این پی)وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے نئی پانچ سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کا مسودہ حتمی منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کر دیا ۔ذرائع کے مطابق نئی ٹیکسٹائل پالیسی دوہزار چودہ دو ہزار انیس کا اعلان گزشتہ سال جون میں ہونا تھا تاہم پالیسی پر وزارت خزانہ کے تحفظات تھے جس کی وجہ سے یہ پالیسی سات ماہ کی تاخیر کا شکار ہو گئی،،ٹیکسٹائل پالیسی کے مسودے کے مطابق نئی ٹیکسٹائل پالیسی کے لئے وفاقی حکومت اسی ارب روپے فراہم کرے گی جوٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے لئے خرچ کی جائے گی جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں ویلیوایڈڈ کو فروغ دینے کے لئے ایک لاکھ بیس ہزار افرادی قوت کو تربیت بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ٹیکسٹائل پالیسی کے لئے ایک سو اٹھاسی ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث حکومت محض اٹھائیس ارب روپے ہی جاری کر سکی تھی۔