بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتا، اشرف صحرائی
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاری اور انکے گھروں پر چھاپوں کی سخت مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا بھارتی پولیس تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر بلا جواز طور پر چھاپے مار کر مکینوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے شعبہ دعوت وتبلیغ کے معاون سیکریٹری محمد یوسف فلاحی کو جو ٹانگ میں فریکچر کے باعث بیساکھیوں کے سہارے چل رہے ہیں ، گرفتار کر لیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے تنظیم کے ضلع شوپیان کے ذمہ داروں شکیل احمد یتو، نذیر احمد ماتو ، غلام محمد تانترے ،بلال احمداور محمدامین کو بھی چند روز قبل گرفتار کیاہے ۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ اس اسطرح کے جابرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے آزادی پسندوں کو ہرگز مر عوب نہیں کیا جاسکتا۔