کشمیری کسی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے: گیلانی

کشمیری کسی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے: گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماسید علی گیلانی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے کشمیر کے حوالے سے موجودہ موقف کو مبنی بر حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگرچہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کے لیے ان پر بے پناہ مظالم ڈھارہا ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حتمی حل نہ صرف کشمیریوں، بلکہ بھارت اور پاکستان کے کروڑوں عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ضروری ہے اور جب تک اس تنازعے کو کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوسکتا ہے اور نہ اس خطے کی غیر یقینی سیاسی صورتحال کو ختم کیا جاسکتا ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو جموں وکشمیر پر قابض رہنے کا کوئی آئینی یا اخلاقی حق نہیں ہے اور اس نے صرف فوجی طاقت کے بل پر اس ریاست پر قبضہ کررکھا ہے اور وہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی گردنوں پر زبردستی سوار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی کا اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انہیںیقین محکم ہے کہ وہ ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔بزرگ رہنما نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے منافی تنازعہ کشمیر کاحل ہرگز پائیدار ثابت نہیں ہوسکتا۔

مزید :

عالمی منظر -