حکومت اساتذہ کے قانونی معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، رانا عطا محمد
لاہور(خبر نگار )پنجاب سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن (پاس) کے صدر رانا عطاء محمد نے محکمہ تعلیم حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فروغ تعلیم کے سلسلے میں 1957ء سے لیکر اب تک پنجاب بھر کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ کئے گئے قانونی معاہدوں پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے 1957ء سے اب تک کی حکومت کی تمام تعلیمی پالیسیوں میں 3 درجہ جاتی نظام تعلیم موجود ہے جس کے مطابق ہائر سیکنڈری سکولز کو پروموٹ کرنا اور تمام کالجز سے انٹر کلاسز کا خاتمہ بھی شامل ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار ان پالیسیوں پر عملدرآمد کی بجائے حکومت کو ایسی تجاویز دے رہے ہیں جس سے پنجاب بھر کے 200 سے زائد ہائر سیکنڈری سکولز کو ڈاؤن گریڈ کر دیا جائیگا اس تجویز پر عملدرآمد کے نتیجہ میں ڈاؤن گریڈ ہونیوالے سکولوں کے تقریباً 3200 سے اساتذہ کی منظور شدہ قانونی آسامیاں ختم ہو جائینگی جو پنجاب بھر کے اساتذہ کا معاشی قتل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے چند ارباب اختیار کی مرتب کردہ تجاویز اور سفارشات عملدرآمد سے پنجاب بھر کے اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ جائیگی اور ان میں بے چینی اور اضطراب پھیلے گا۔ لہٰذا حکومت ایسے نادان اور مفاد پرست عناصر کی مرتب کردہ سفارشات پر عملدرآمد کی بجائے نظام تعلیم کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کرے کیونکہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ رانا عطاء محمد نے کہا کہ اساتذہ کو معاشرے میں انتہائی محترم و مقدس مقام حاصل ہے اور وہ صوبہ بھر میں فروغ تعلیم کیلئے نامساعد حالات کے باوجود ہر ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاکر اپنی صلاحیتوں سے طلبہ کو مستفید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا حکومت کے ساتھ ساتھ طلبہ کے مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ آخر میں رانا عطاء محمد حکومت سے کہا کہ 200 ہائر سیکنڈری سکولز کو ڈاؤن گریڈ نہ کیا جائے اور اساتذہ کے درپیش مسائل کو فی الفور حل کرنے کی جانب مثبت اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر اساتذہ کی منتخب نمائندہ تنظیمیں احتجاج جیسے انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائینگے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعلیم کے چند ایسے عناصر پر عائد ہو گی جو اپنے ذاتی مفادات کیلئے اساتذہ کو معاشی مسائل سے دوچار کرنے کیلئے غلط منصوبہ سازی پر مبنی سفارشات و تجاویز مرتب کر رہے ہیں۔