1986ء سے 1993 تک بھرتی ہونیوالی 1211 چارج نرسزکی گریڈ 17 پر ترقی

1986ء سے 1993 تک بھرتی ہونیوالی 1211 چارج نرسزکی گریڈ 17 پر ترقی

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 1986ء سے 1993 کے دوران بھرتی ہونے والی 1211 چارج نرسزکی گریڈ 17میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی کے بعد لاہور جنرل ہسپتال میں ان میں سے 86ہیڈ نرسوں کی تعیناتی کردی ہے قبل ازیں ایل جی ایچ میں 33 ہیڈ نرسیں فرائض سرانجام دے رہی تھیں اس طرح اب ہسپتال میں ہیڈ نرسوں کی مجموعی تعداد 119ہوگئی ہے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس بارے میں بتایا کہ پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی دفعہ نرسوں کی اتنی بڑی تعداد کو گریڈ 17میں ترقی دے کر ہیڈ نرس بنایا گیا ہے جس پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف بجا طورپر مبارک کے مستحق ہیں وزیراعلی نے طویل عرصے سے بطور چارج نرسز کام کرنے والی ان نرسوں کو ان کا بنیادی حق دے کر اپنے آپ کو صحیح معنوں میں شعبہ صحت کا محسن ثابت کردیا ہے وزیراعلی کے اس فیصلے سے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری، دیکھ بھال اور علاج معالجے کا معیار یقیناًبہتر ہوگا۔    پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے مزید کہا کہ جنرل ہسپتال میں نئی تعینات ہونے والی 86ہیڈ نرسوں کو ہسپتال کی تینوں شفٹوں میں برابر کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں وارڈ کی مینجمنٹ کا معیار یکساں طور پر بلند ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں کے دیرینہ مطالبہ کی منظوری کے بعد اب ان کا فرض بنتا ہے کہ پہلے سے زیادہ توجہ انہماک اور ذمہ داری سے دکھی انسانیت کی خدمت کا مقدس فریضہ سرانجام دیں اور اپنے اداروں کی نیک نامی کا باعث بنیں۔ پرنسپل ایل جی ایچ نے کہاکہ نرسیں ہیلتھ ڈلیوری سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، نرسوں کے طبقے کو وزیراعلی اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ذہنی اور مالی طور پر مطمئن کرکے نرسوں پر ہی نہیں بلکہ ان مریضوں اور لواحقین سے بھی نیکی کی ہے جو ہسپتالوں میں نرسوں کے حسن سلوک اور توجہ کے منتظر اور مستحق ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -