چودھری سرور کی عمران خان سے اہم ملاقات ،شمولیت کیلئے تحریک انصاف کا صدر بنانے کی شرط

چودھری سرور کی عمران خان سے اہم ملاقات ،شمولیت کیلئے تحریک انصاف کا صدر ...
چودھری سرور کی عمران خان سے اہم ملاقات ،شمولیت کیلئے تحریک انصاف کا صدر بنانے کی شرط

  

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے جس میں عمران خان کی جانب سے چودھری محمدسرور کو تحریک انصاف میں شمولت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق چودھری محمد سرور کو عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے مقاصد ایک ہے اس لیے آپ ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کریں جبکہ چودھری محمدسرور کی جانب سے جلد تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چودھری محمد سرور تحریک انصاف کے صدر یا پنجاب کا انچارج بننے کے خواہشمند ہیں،اس ضمن میں وہ تحریک انصاف کی قیادت سے تحریری یقین دہانی بھی چاہتے ہیں۔ اس ملاقات میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین بھی موجود تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری محمد سرور کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان جلد کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ سابق گورنر چودھری محمد سرور نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر مشروط رضا مندی ظاہر کر دی ہے ، بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کے دوران انہوں نے ’’پارٹی صدر‘‘ بنانے کی شرط پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے چودھری سرور کو صدارت کا عہدہ دینے کی مخالفت کی ہے۔آئی این پی کے مطابق چودھری محمد سرور نے گورنر کے عہدے سے استعفے کی وجوہ سے بھی عمران خان کو آگاہ کیا، تحریک انصاف کے چیئرمین نے سابق گورنر کے اصولی موقف کو سراہا۔ انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق چودھری سرور کی شرائط پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد سے تحریک انصاف میں صدر کا عہدہ ابھی تک خالی ہے۔بعد میں چودھری محمد سرور نے عمران خان سے ملاقا ت کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات اتوار کی دوپہر بنی گالہ میں ہو ئی تھی،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات میں ملکی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا جبکہ عمران خان نے انھیں تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔چودھری سرور نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، دوستوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرینگے۔

مزید :

صفحہ اول -