بجلی کی قلت ہمارے دور میں ختم ہو جائیگی،گیس بحران پر 2سال میں قابو پا لینگے،نواز شریف

بجلی کی قلت ہمارے دور میں ختم ہو جائیگی،گیس بحران پر 2سال میں قابو پا ...

  

 اسلام آباد(اے این این)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے گیس کا بحران دو سال اوربجلی کی قلت اپنے ہی دور میں ختم کر دیں گے،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے،مشکل ترین حالات ہمارے عزم کا راستہ نہیں روک سکتے،عوامی مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اسلام آباد کی آبپارہ مارکیٹ اور جی ٹین مرکز کے اچانک دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ان دومارکیٹوں کے دورے کا مقصد اشیاء ضروریہ،سبزیوں اور پھلوں کے نرخ چیک کرنا تھا اوروہ ذاتی طور پر عوام سے ان کے مسائل دریافت کرنا چاہتے تھے ۔ان مارکیٹوں کے دورے سے انہیں پتا چلا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے جو خوشی کی بات ہے۔پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں ،اللہ نے چاہاتو پاکستان کے حالات بتدریج بہتر ہوتے چلے جائیں گے ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل بہت سنگین ہیں لیکن ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ ان پر جلد قابو پایا جائے ، بجلی و گیس کے بحرانوں کو ختم کیا جائے ،گیس کی کمی دوسال میں ختم کردی جائے گی ۔نواز شریف نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے بہت محنت سے کام کررہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ کو قابو میں لایا جائے ، عوام کو زندگی کی سہولیات میسر ہوں ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی ہمارے دور حکومت میں ختم ہو جائے گی،بے روزگاری میں بھی کمی ہو گی۔پٹرول 107روپے لٹرتھا اب 70روپے فی لٹر ہے ۔آبپارہ مارکیٹ کے مسائل کے حل کے لئے طارق فضل چودھری سی ڈی اے کی ٹیم کو آبپارہ مارکیٹ لے کر آئیں گے اور تاجروں کے مسائل حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کے بھاؤ معلوم کرنے آیا تھا اس بہانے شہریوں سے بھی ملاقات ہو گئی ۔ وزیر اعظم نے شہریوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ پاکستان کی خوشحالی ، ترقی اور سلامتی کیلئے دعا کریں۔

مزید :

صفحہ اول -