قوم دہشتگردی کچلنے کا پختہ عزم کر چکی ،وحشی درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے،شہباز شریف

قوم دہشتگردی کچلنے کا پختہ عزم کر چکی ،وحشی درندوں کا عبرتناک انجام قریب ...
قوم دہشتگردی کچلنے کا پختہ عزم کر چکی ،وحشی درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے،شہباز شریف

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت ملک وقوم کی ترقی، معاشی وتجارتی سرگرمیوں اورسرمایہ کاری کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے ۔ملک کے استحکام ،سلامتی ،بقاء اورآئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی گھڑی آپہنچی ہے ۔سیاسی وعسکری قیادت اورپوری قوم پاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا پختہ عزم کرچکی ہے ۔انسانیت اورامن کے دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے ۔معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے وحشی درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے ۔مساجد، عبادت گاہوں،تعلیمی اداروں،بازاروں اور اداروں کو خون آلود کرنے والے وطن دشمنوں کوانسانیت کے خلاف کیے گئے گھناؤنے جرائم کا حساب دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ شہبازشریف نے یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے مشکل ترین حالات کا سامنا ہے۔دہشت گردی اور انتہاء پسندی نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جن میں پاک افواج،پولیس اورسکیورٹی اداروں کے افسران واہلکاروں کے علاوہ عام پاکستانی بھی شامل ہیں۔ پاک افواج پاکستان کے استحکام اور بقاء کی جنگ میں بہادری اور دلیری کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں جس پر قوم کو فخرہے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ سیسیہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے اور اس جنگ میں پاکستان کے عوام سرخروہونگے اور اتحاد و اتفاق کی قوت سے وطن عزیز کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے اورانہیں کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت کے طے کردہ متفقہ لائحہ عمل کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا ذریعہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں کا خون بہا کر قوم کوگہرے زخم دےئے ہیں ۔قوم اس غم کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ،تاہم اس واقعہ کے نتیجے میں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یک جان ہوچکی ہے ۔انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کوعبرتناک شکست دیں گے اوران کے ناپاک وجود کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاک دھرتی سے مٹا دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عملد آمد کیا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں امن ،بھائی چارے اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کے حوالے سے مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیاہے۔مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت،اشتعال انگیز مواد ،لاؤڈ سپیکر کے ناجائزاستعمال اوروال چاکنگ کی پابندی کی خلاف ورزی پر قوانین میں ضروری ترامیم کر کے سزائیں سخت کی گئی ہیں۔صوبے میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے جس کا پہلا دستہ پاس آؤٹ ہوچکاہے ۔نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد اوراس کے تحت اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہورہے ہیں اورانشاء اللہ ملک کو دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے عفریت سے نجات ملے گی اورملک ایک بار پھر امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے صوبائی انتظامیہ اورپولیس حکام کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔وزیر اعلی نے پولیس اورانتظامیہ کو پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف وزری پر قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات پہلے برداشت کیے اورنہ آئندہ کروں گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پتنگیں اور ڈور کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -