6 افراد کو زخمی کرنیوالے منشیات فروشوں کو گرفتارنہ کیا جاسکا

6 افراد کو زخمی کرنیوالے منشیات فروشوں کو گرفتارنہ کیا جاسکا

  

لاہور(بلال چودھری) مغلپورہ،ہربنس پورہ پولیس نے منشیات فروشوں کو کھلی چھوٹ دے دی،جنوری میں 6محلہ داروں کوزخمی کر کے فرار ہونے والے ملزمان تاحال گرفتار نہ کیے جا سکے ،ملزمان محلہ میں اسلحہ کی نمائش کرکے سرعام پھرتے ہیں اورخوف کی وجہ سے ہم گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں،پولیس افسران دادرسی کریں ،اہل محلہ کی فریاد ۔ تفصیلات کے مطابق لال پل کے علاقہ غوثیہ کالونی سکھ نہر میں رمضان عرف جھانہ،رشید ،عابد اور اس کے 4ساتھی مبینہ طور پر منشیات فروشی کرتے ہیں جن کے خلاف اہل محلہ نے تھانہ مغلپورہ میں کئی بار درخواستیں بھی دیں لیکن پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے امین ،شہباز ،محمد رفیق ،مزمل ،زوہیب ،آغا حسین شاہ اور دیگر اہل محلہ نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف منشیات فروشی اور دیگر جرائم کے کئی مقدمے مختلف تھانوں میں درج ہیں جن میں تھانہ مغلپورہ میں مقدمہ نمبری 729\\13 ،1146\\11 ،728\\13 ،865\\13،104\\13 اور دیگرشامل ہیں۔6جنوری کو محلہ داروں کی جانب سے منشیات فروشی سے منع کرنے پر ملزمان نے محلہ میں فائرنگ کر کے 6افراد کو شدید زخمی کر دیا تھا جس پر تھانہ ہربنس پورہ میں مقدمہ نمبر 18\\15 اور مغلپورہ میں مقدمہ نمبر 09\\15 درج کیا گیا تھا لیکن تاحال پولیس کی جانب سے ان ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوئی خاطر خواہ کوشش نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ان مقدمات میں عبوری ضمانت کروائی جو بعد ازاں کینسل ہو گئی اور اب وہ مفرور ہیں لیکن ہر روز محلہ میں اپنے گھر میں آتے ہیں اور محلہ میں اسلحہ کی نمائش کر کے پھرتے ہیں جس کی وجہ سے اہل محلہ خوف کا شکار ہیں ۔اس کے علاوہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد اور گواہوں کو پیروی کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔انہوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے اور ملزمان سے ملی بھگت کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔اس حوالے سے تھانہ مغلپورہ اور ہر بنس پورہ میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، جب بھی ملزمان کا پتہ چلتا ہے تو پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار تی ہے ۔

مزید :

علاقائی -