اچھرہ،شادی والے گھر میں ماتم ،دولہا کے والد نے بیوی کو تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کر دیا

اچھرہ،شادی والے گھر میں ماتم ،دولہا کے والد نے بیوی کو تیز دھار آلے کے وار ...

  

لاہور(ملک خیام رفیق) شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، اچھرہ کے علاقہ میں دولہا کے والد نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر اپنی بیوی کو تیز دھار آلے کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ، پولیس نے آلہ قتل برآمد کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں جمع کروا دیا ہے ۔بتا یا گیا ہے کہ اچھرہ کے علاقہ میں رہائش پذیر شریف کا اپنی بیوی کے ساتھ اکثرجھگڑا رہتا تھا۔ شریف کی بیوی نذیراں بی بی نے اپنی مرضی سے اپنے بیٹے امجد کی شادی طے کر دی جس پراس کے خاوند شریف کو رنج تھا ۔گزشتہ روز جب دولہا امجد بارات لیکرگیا تو دونوں میاں بیوی کی دوبارہ لڑائی شروع ہو گئی۔ نذیراں نے اپنے خاوند کو اس بات کا طعنہ دیا دیکھا میں نے اپنے مرضی سے اپنے بیٹے کی شادی کر لی ہے تم نے کیا کر لیا ہے۔ اس بات پر شریف طیش میںآگیا اور اس نے کمرے کی کنڈی لگا کر تیز دھار آلے سے اپنی بیوی کو قتل کردیا ۔ اہل محلہ نے شریف کے ہاتھ پر خون دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، اتنی دیر میں دولہا بھی اپنی دلہن لیکر گھر پہنچ گیا ۔ پولیس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔ ملزم 4جوان بچوں کا باپ تھا اور ایک دفعہ اسکو فالج کا اٹیک ہوا تھا جس کی وجہ سے اسکا ایک بازو کام نہیں کرتا ہے ۔ شادی والا گھر جہاں پہلے دن گھر والے دلہن کی خوشیاں کرتے ہیں وہاں دولہا اپنی والدہ کے قتل پر غم زدہ ہو گیا جبکہ اہلخانہ اور شادی پر آئے ہوئے دیگر رشتے دار بھی اس موت پر غم میں ڈوب گئے ۔ دولہا اپنی والدہ کی لاش کے ساتھ لپٹ کر روتا رہا ۔ پورے محلہ میں قتل کی اس لرز ہ خیز وااردات سے خوف وہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ پر پورا محلہ جمع ہو گیا ۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں جمع کروا دیا ہے ۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اس نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے تاہم ابھی مقتولہ کے بیٹوں کی طرف سے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، درخواست موصول ہو نے پراس کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

مزید :

علاقائی -