الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کا اعلان خوش آئند ہے،کامران سیف

الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کا اعلان خوش آئند ہے،کامران ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وجوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے پنجاب میں نومبر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بیشتردو مرتبہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اناؤنس اور تاریخ کے اعلانات اور امیدواروں سے کاغذات نامزدگی اور سیکیورٹی فیس جمع کروانے کے باوجود انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں بلدیاتی انتخابات کے بار بار التواء پر عوام کو نومبر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر تحفظات ہیں اور وہ الیکشن کمیشن کے نومبر میں انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے باوجود تاریخ مقرر نہ کرنے پر تشویش میں مبتلا ہیں میاں کامران سیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن فوری طور پر تاریخ بھی مقرر کردی جائے تاکہ پنجاب حکومت آئیں بائیں شائیں اور حیلے بہانے نہ تراش سکے ۔    انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈ شیڈنگ ، بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافوں ، پٹرولیم ، گیس بحرانوں ور ہوشربامہنگائی کے باعث عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں حکومت کی مقبولیت کا گراف تیز ی سے نیچے گر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ن لیگ بار بار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ میں حائل ہوجاتی ہے کبھی مردم شماری اور کبھی پنجاب میں حلقہ بندیوں کا بہانہ تراشہ جاتا ہے ن لیگ عوامی مینڈیٹ کھوچکی ہے اس لیے وہ ہا ر کے ڈر سے الیکشن سے مسلسل راہ فرار اختیار کیئے ہوئے ہیں اس لیے فوری طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشن شیڈول اور مقررہ تاریخ کا اعلان کرے تاکہ عوام اطمینان سے بلدیاتی انتخابات کی یکسوئی کے ساتھ تیاریاں کرسکیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -