مسلم لیگ ن سے میری وابستگی کسی عہدہ کے لالچ میں نہیں ہے، تہمینہ دولتانہ

مسلم لیگ ن سے میری وابستگی کسی عہدہ کے لالچ میں نہیں ہے، تہمینہ دولتانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محترمہ بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے میری وابستگی گہری اور ہمیشہ رہنے والی ہے مجھے کسی عہدہ کا لالچ نہیں ہے بطور کارکن مسلم لیگ (ن )میں کام کررہی ہوں ۔میرا جینا مرنا اسی جماعت میں ہے۔ماضی میں کبھی عہدوں کی خواہش نہیں کی اور اب بھی کسی عہدے کے لئے نہیں بلکہ جماعت کے لئے کام کررہی ہوں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان جتنے چاہیں جلسے کرلیں وہ کبھی کامیاب سیاستدان نہیں بن سکتے ۔ان کا مزاج سیاستدان والا نہیں ہے ۔پاکستان کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے قوم نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے اور معاشی ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے عوام جانتے ہیں مسلم لیگ ن ہی ملک کے مسائل حل کرے گی۔رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہاکہ پنجاب میں میاں شہبازشریف کی قیادت میں تعمیر و ترقی کے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔دیرینہ مسائل کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر کے آگے بڑھ رہے ہیں۔   تحریک انصاف خیبرپختون خواہ میں عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے ۔دھرنا خان اب ملک پر رحم کریں اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا نہ کریں۔عمران خان نے پہلے ہی ملک کا بہت نقصان کیا ہے اس لئے اب وہ ہوش کے ناخن لیں۔