ایل ڈی اے کے موٹر سائیکل سکواڈ کو غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کا ٹاسک مل گیا
لاہور (سٹی رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریامیں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد کروانے کے لئے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے چاروں ڈائریکٹوریٹس کے ساتھ بلڈنگ کنٹرول سکواڈ کی علیحدہ علیحدہ ٹیم تعینات کر دی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹرکی سربراہی میں سرویئرز پر مشتمل یہ ٹیمیں اپنے متعلقہ علاقوں میں زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کریں گی اورتعمیرات کے منظور شدہ نقشے کے مطابق ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں رپورٹ تیار کر کے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کو مطلع کریں گی ۔قواعد کی خلا ف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر ایسی عمارتوں کو نوٹس جاری کرے گا۔ غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کے لئے 50اہلکاروں پر مشتمل موٹر سائیکل سکواڈ میں شامل اہلکاروں کی شناخت کے لئے انہیں خصوصی طور پر تیارکردہ نیلے اور سبز رنگ کی جیکٹیں مہیا کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روزسپیشل سکواڈ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے کہا کہ تمام اہلکار شہر کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ آپ ایل ڈی اے کے نمائندے ہیں ‘ ادارے کی نیک نامی کے لئے کام کریں اور ہر وقت لوگوں کی مدد کے لئے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعام بھی دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی چیکنگ کے لیے دس دس افراد پر مشتمل ٹیمیں سکواڈ کی شکل میں دورہ کریں گی۔
‘ہر سکواڈ ایک ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں کام کرے گا۔یہ ٹیمیں روزانہ صبح ساڑھے نو بجے اکٹھی ہوں گی اور مختلف علاقوں کا سروے کریں گی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے ٹاؤن پلاننگ ونگ میں ڈائریکٹوریٹ آف انجینئرنگ بلڈنگ کنٹرول تشکیل دے کر عابد رضا سید کو اس کا ڈائریکٹر تعینات کردیاہے۔اس کے علاوہ میا ں حامد لال، اصغر علی اور قوسین ناز رانا کونو تشکیل شدہ ڈائریکٹوریٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹرز رانا عبدالشکور نے انجینئر نگ ونگ کے چھ اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی اس ڈائریکٹوریٹ میں تقرری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان افسروں میں خواجہ گلریز رب،محمد عقیل انور چودھری، محمد ریاض اختر، محمد شہزاد مقصود، زاہد حسین قریشی اور عاصم علی خان شامل ہیں۔