کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کوصحتمند ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے،اعجاز عالم

کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کوصحتمند ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے،اعجاز عالم

لاہور( لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے ہی نوجوانوں کو ایک صحتمند ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے اورنوجوان نسل کو معاشرے میں پھیلتی ہوئی بہت سے برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان بھر میں کھیلوں کے فروغ اور ویران میدانوں کو پھر سے آباد کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ اپنی نوجوان نسل کو کھیلوں کے ذریعے تفریح وغیرہ کی تمام سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز فیصل آباد کی تحصیل سمندری میں آل پاکستان ڈون بوسکو سالانہ فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔تقریب کا اہتمام شہباز بھٹی اسٹیڈیم میں کیا گیا،جس میں اقلیتوں سے وابستہ کثیر افراد نے شرکت کی جبکہ فیصل آباد بھر سے مختلف ٹیموں نے 11فروری تک جاری ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔

کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کو اپنے درمیان پاکر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبہ بھر میں کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کے حوصلے بلند کرنے کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کھلاڑیوں سے خطاب کے دوران کہا کہ بد قسمتی سے پا کستان میں عرصہ دراز سے بین ا لا قوامی کھیلوں کا انعقاد نہیں ہو سکا،جسکی وجہ سے پاکستان کے شہریوں کو کھیلوں کے ذریعے تفریح کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔اس کی وجہ ملک میں جاری دہشتگردی اوربعض دشمن ملک عناصر کی سازشیں تھیں تاہم یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ پاکستان بھر میں پاک فوج اور سیکیورٹی نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ کاوش کی بناء پر دہشتگردی پر خاطر خواہ قابو پا یا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کو پھر سے آباد کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں رواں ماہ میں پی ایس ایل کا انعقاد ہونے جا رہا ہے ،جس کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کاایک مثبت تشخص اجاگر کیا جا سکے گا ۔ تحریک انصاف کی حکومت اس میگا ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کا دنیا بھر میں امن پسند اور سپورٹس فرینڈلی قوم کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگرکیا جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1