سٹاک ایکسچینج مزید پرکشش سرمایہ کاری سکیموں کا اجراء کرے: اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تعاون سے سرمایہ کاروں اور صنعتکاری کیلئے ایک آگاہی سمینار منعقد کیا جس کا مقصد تاجر برادری کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ سمینار میں تاجر برادری کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا کہ وہ کس طرح اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کیپٹل مارکیٹ سے فنڈز حاصل کر سکتے ہیں۔ شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ کیپٹل مارکیٹ عوام کو بہتر مواقع فراہم کرتی ہے کہ وہ مختلف منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کریں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ کس طرح سٹاک مارکیٹ عوام سے بچت کا پیسہ اکھٹا کر کے معیشت کے پیداواری شعبوں میں استعمال میں لانے کا باعث بنتی ہے جس سے معیشت بہتر ترقی کرتی ہے۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ سٹاک ایکس چینج تاجر برادری کیلئے مزید پرکشش سرمایہ کاری سکیموں کا اجراء کرے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ کسی بھی ملک میں مالی وسائل کو متحرک کر کے پیداواری شعبوں کو فنڈز فراہم کرنے میں اہم کردارادا کرتی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان سٹاک ایکس چینج خاص طور پر چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی فنانسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خصوصی پروگرام جاری کرنے پر غور کرے تا کہ یہ ادارے بہتر ترقی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکس چینج نے ایس ایم ایز کو رجسٹر کرنے اور شیئرز کا کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک ایس ایم ای بورڈ تشکیل دیا ہوا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مذکورہ بورڈ کے بارے میں پورے ملک کی تاجر برادری میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے تا کہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے سٹاک ایکس چینج کی سروسز سے استفادہ حاصل کر سکیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس ایم ایز کسی بھی معیشت کی ترقی کیلئے ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہیں لہذا پاکستان سٹاک ایکس چینج ان کاروباری اداروں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مزید بہتر سروسز فراہم کرنے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ترقی یافتہ ممالک ایس ایم ایز کو ترقی و وسعت کیلئے فنڈز کی آسان رسائی فراہم کرنے میں سٹاک ایکسچینج اہم کردار ادا کر رہی ہیں لہذا پاکستان سٹاک ایکس چینج بھی انہی خطوط پر کام کرے تاکہ ہماری ایس ایم ایز فنڈز کی آسان رسائی فراہم ہونے سے مزید بہتر ترقی کر سکیں