نیٹو افواج کی آمد سے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، حکومت تلافی کا مطالبہ کرے: سراج الحق
لاہور ( نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ اور نیٹو افواج کی آمد سے پاکستان کو سخت مالی ،جانی اور سماجی نقصان اٹھانا پڑا،حکومت نیٹو سے اس نقصان کی تلافی کا مطالبہ کرے ، ہماری سڑکیں تباہ ہوئیں ، ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوا اور ہمارے شہروں اور دیہاتوں تک کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس سے ملک کو ایک سو بیس ارب ڈالر کا معاشی نقصان اور سترہزار سے زائد قیمتیں جانوں کا ضیاع ہوا ، افغانستان سے امریکی انخلاء سے قبل حکومت کو ان نقصانات کے ازالہ کی بات کرنی چاہئے ،ملک میں احتساب کے نظام کو بااعتماد بنانے کیلئے ضروری ہے کہ افراد کی بجائے ملک کیلئے قانون سازی کی جائے ،ماضی کے حکمرانوں نے اپوزیشن کو گھیرنے کیلئے جو قوانین بنائے تھے وقت آنے پر وہ قوانین ان کے اپنے گلے پڑگئے ،متنازعہ احتساب کی وجہ سے کرپٹ اور بدیانت لوگوں کو بچ نکلنے کا موقع مل جاتا ہے،موجودہ حالات میں شفاف احتسابی نظام کی ضرورت ہے تاکہ ایک خود کار طریقے سے احتساب کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے ۔نیب کے کئی اقدامات نے احتساب کے اس ادارے کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے ،کرپشن فری پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ جن لوگوں نے بھی پاکستان کو لوٹ کر ملک کے اندر اور باہر اثاثوں کے کوہ ہمالیہ بنائے ہیں ان سے لوٹی دولت واپس لی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائین میں ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق