انبیاء کے بعد علماء کرام نے ہر دور میں انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کیا‘ قبلہ ایاز

انبیاء کے بعد علماء کرام نے ہر دور میں انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کیا‘ ...

پشاور (سٹاف رپورٹر)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ آیاز کی زیر صدارت علماء و مشائخ کانفرنس شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ جس میں ملک بھر سے جید علماء نے شرکت کی اور کہاکہ اس بات سے کسی ذی شعورکا انکار نہیں کہ رب ذوالجلال نے انبیاء کرام کی بعثت اسی مقصد کے لئے فرمائی تھی کہ وہ رب جل شانہ کی معرفت اور بندگی کے بعد دنیا میں انسانیت کی بھلائی اور فلاح و بہبود کا پیغام عام کریں چونکہ علماء کو انبیاء کرام کا وارث قرار دیا گیا ہے لہذا انبیاء کے بعد اس پیغام کو عام کرنے کے لئے علماء نے ہر دور میں انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے انبیاء کرام کی دعوت فلاح اور خیر خواہی کا ایک گوشہ صحت وصفائی کا بھی ہے۔ جس کا ذکر تمام انبیاء کرام کی تعلیمات میں مشترک ملتا ہے اور جو قرآن و سنت کی تعلیمات اور دستور پاکستان میں انسانی حقوق کی دفعات کے مطابق بنیادی انسانی ضروریات میں سے ہے اس ضمن میں مذکورہ کانفرنس کے تمام شرکاء علماء کرام ، مفتیان کرام، متعلقہ محکموں کے سربراہان درج ذیل اقدامات کا اعلامیہ پیش کیاہے۔انسان کی روحانی و جسمانی صحت و صفائی اللہ کو مطلوب و مقصود ہے اس لئے علماء کرام منبر و محرام کا بخوبی استعمال کرتے ہوئے قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں عوام الناس کی رہنمائی فرمائیں گے اور صحت وصفائی کے تمام حکومتی اقدامات میں عوام کو حصہ لینے پر ابھاریں گے۔ پانی صحت خداوندی ہے جس کے قطرہ قطرہ کی حفاظت بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری اس سلسلے میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے معاشرے میں علماء اپنا کردار بخوبی نبھائیں گے۔ ہر دور میں علماء کرام نے عوام الناس کی مختلف مسائل میں بطریق احسن رہنمائی فرمائی ہے دور حاضر میں صحت وصفائی کا مسئلہ ایک سنگین چیلنج کی صورت اختیار کر گیا ہے لہذا اس ضمن میں علماء کرام سے ماضی کی طرح ایک بار پھرپور کردار ادا کرنیکی توقعات ہیں جس سے وہ اللہ جل شانہ کے فضل وکرم سے بخوبی عہدہ برآہوں گے۔ کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر قبلہ آیاز چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان، ڈاکٹر رشاد احمد سلجوق ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر جامعہ پشاور، سید رحمان ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا، ڈاکٹر رشید احمد پروفیسر شیخ زید اسلامک سنٹر جامعہ پشاور، مفتی غلام الرحمان شیخ الحدیث جامعہ عثمانیہ پشاور، پروفیسر ڈاکٹر معراج السلام ضیاء ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اور ینٹل سٹڈیز جامعہ پشاور اور پروفیسر ڈاکٹر نثار صاحب پروفیسر جامعہ اسلامیہ کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں ماہرین تعلیم ، سماجی کارکنوں اور علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر