پی ٹی آئی خواتین رکن اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی چیئرپرسن شپ کیلئے دوڑ
لاہور(دیبا مرزا سے) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ایم پی ایز نے پنجاب کے مختلف محکموں اور اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں میں چیئر پرسن شپ کی نشست حاصل کرنے کے لئے وزیراعلی پنجاب کو خط لکھ دیا ہے اور عہدوں کے حصول کے لئے پارٹی لیڈر شپ سے رابطے بھی شروع کردئیے ہیں وزیراعلی پنجاب سر دار عثمان بزدار نے ان خواتین کے خط پر انہیں عہدے دینے کیلئے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور بشارت راجہ کو ہدائت جاری کردی ہے کہ وہ جائزہ لیکر ان خواتین کو ان کی قابلیت کے مطابق اکاموڈیٹ کریں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے سارہ احمد کے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو بننے کے بعد پی ٹی آئی کی ایسی خواتین ایم پی ایز جن کو ابھی تک بھی کوئی بھی سرکاری عہدہ نہیں مل سکا ہے ان خواتین نے سرکاری عہدہ حاصل کرنے کیلئے پنجاب بھر کے مختلف محکموں کی چیئر پرسن شپ اور اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کی بھی چیئر پرسن شپ حاصل کرنے کیلئے وزیراعلی پنجاب سر دار عثمان بز دار کو خط لکھ دیا ہے ۔پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ من پسند محکموں کی چیئر پرسن شپ کے عہدوں کے حصول کیلئے ان خواتین کے مابین کھینچا تانی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور ان خواتین نے وزیراعلی آفس بھی ڈیرے لگا لئے ہیں ۔