ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے حادثات میں کمی ہوگی، وی سی جامعہ پنجاب

ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے حادثات میں کمی ہوگی، وی سی جامعہ پنجاب

لاہور(لیڈی رپورٹر ) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہو گی جس سے لوگ جانی و مالی نقصان سے بھی بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی مہذب لوگوں کوزیب نہیں دیتی اور ہمارا مذہب بھی یہی سکھاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقدہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک سے متعلق آگاہی سیمینار سے کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی موٹر ویز اینڈ نیشنل ہائی ویز مسرور عالم کلاچی ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، اقامتی آفیسر اول جلیل طارق،ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ ڈاکٹر عصمت اللہ ، قائمقام خزانہ دار راؤ محمد طاہر، انتظامی عہدیداران ، طلباؤطالبات اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہاکہ سڑک پر گاڑی چلاتے وقت ہمیں دوسروں کے حقوق کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کی طرف سے لوگوں کو ڈرائیونگ قوانین بارے آگاہی فراہم کرنے کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں جن پر عمل کرکے شہریوں کو اپنی ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے۔اپنے کلیدی خطاب میں مسرورکلاچی نے کہاکہ ٹریفک قوانین میں روز بروز تبدیلی آرہی ہے جن کی آگاہی اور شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کیلئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر رونما ہونے والے حادثات کی تین بڑی وجوہات ہیں ایک ڈرائیور کی غلطی دوسراسڑک کا انجینئرنگ فالٹ تیسرا گاڑی میں مکینکل فالٹ لیکن سب سے زیادہ حادثات ڈرائیور کی اپنی غلطی سے ہوتے ہیں جن کی روک تھام کیلئے انہیں ٹریفک قوانین کا علم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صرف قوانین لاگو کرنے سے بہتری نہیں آتی بلکہ آگاہی فراہم کرنا بھی لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح باقاعدہ تربیت کے بعد لائسنس جاری کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین انسانوں کو ضابطے اور ڈسپلن میں رکھنے کیلئے بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی چلاتے وقت لائسنس کے ساتھ قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے کیونکہ بعض غلطیوں کا خمیازہ دوسروں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر محمد خالد خان نے بہترین سیمینار کے انعقاد پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

مزید : علاقائی