16 سالہ نوجوان نے جوتے کرائے پر دے کر ہزاروں روپے کمانا شروع کردئیے

16 سالہ نوجوان نے جوتے کرائے پر دے کر ہزاروں روپے کمانا شروع کردئیے
16 سالہ نوجوان نے جوتے کرائے پر دے کر ہزاروں روپے کمانا شروع کردئیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) گاڑیاں اور گھر وغیرہ تو کرائے پر دیئے ہی جاتے تھے لیکن برطانیہ میں ایک نوجوان ایسی چیز کرائے پر دے کر ہزاروں روپے کما رہا ہے کہ جسے کرائے پر دینے کاکوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ میل آن لائن کے مطابق 16سالہ ایمان خان نامی یہ نوجوان گلاسگو کا رہائشی ہے، جس نے جوتے کرائے پر دینے کا انوکھا کاروبار شروع کر رکھا ہے۔ خود ایمان کو مہنگے برانڈڈ جوتے خریدنے کا شوق تھا، چنانچہ اس نے پارٹ ٹائم ملازمتیں کرکے رقم جمع کی اور لگژری جوتوں کے متعدد جوڑے خریدلیے۔ پھر اسے انہیں کرائے پر دینے کا خیال آیا اور اس نے انسٹاگرام کے ذریعے یہ کاروبار شروع کر دیا۔


رپورٹ کے مطابق ایمان انسٹاگرام پر اپنے جوتے کرائے پر دینے کے اشتہارات دیتا ہے اور ایسے لوگ جو نمودونمائش کے خواہاں ہیں لیکن اتنے مہنگے جوتے خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، وہ اس سے رابطہ کرتے اور جوتے کرائے پر حاصل کرتے ہیں۔ ایمان جوتوں کے ایک جوڑے کا ایک دن کا کرایہ 20پاﺅنڈ (تقریباً 3ہزار 600روپے)،دو دن کا 40پاﺅنڈ (تقریباً 7ہزار 200روپے) اور پورے ہفتے کا 70پاﺅنڈ (تقریباً 12ہزار 600روپے)کرایہ وصول کرتا ہے۔


ایمان خان کا کہنا ہے کہ ”مجھے خود لگژری جوتوں کا شوق تھا۔ جب میرے پاس کافی جوڑے جمع ہو گئے تو مجھے خیال آیا کہ میرے جیسے کئی لوگ ہوں گے جنہیں برانڈڈ جوتے پہننے کا شوق ہو گا لیکن وہ انہیں خرید نہیں سکتے۔ کئی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جوشادی، سالگرہ اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے لگژری جوتے حاصل کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن جوتوں کی پوری قیمت ادا نہیں کرنا چاہتے۔ اسی خیال سے میں نے جوتے کرائے پر دینے کا کام شروع کر دیا۔اس وقت میرے پاس 5ہزار پاﺅنڈ مالیت کے جوتے ہیں۔ اس کے علاوہ گاہک جس قسم کے جوتے حاصل کرنا چاہتے ہوں میں ان کا انتظام کر دیتا ہوں۔“