مخالفین کے ساتھ پاکستان کے وسائل کی جنگ لڑ رہے ہیں ،آصف زرداری کا نئے بنگلہ دیش کے حوالے سے اہم اعلان

مخالفین کے ساتھ پاکستان کے وسائل کی جنگ لڑ رہے ہیں ،آصف زرداری کا نئے بنگلہ ...
مخالفین کے ساتھ پاکستان کے وسائل کی جنگ لڑ رہے ہیں ،آصف زرداری کا نئے بنگلہ دیش کے حوالے سے اہم اعلان

  

ٹنڈو آدم (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب کوئی نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے ،ہم نہ صرف سندھ بلکہ ملک کی عوام کے حقوق کے لئے لڑیں گے ،پاکستان کسی جنگ کے نتیجے میں نہیں قائداعظم  نے بات چیت اور جدجہد کرکے حاصل کیا مگر پاکستان بنتے ہی اسے توڑنے کی سازشیں شروع ہو گئیں جس کا نتیجہ بنگلہ دیش کی صورت میں نکلا مگر اب ایسا نہیں ہوگا ،یہ حکمران  بیوقوف ہیں ، ان کی ٹانگیں ویسے ہی ڈگمگا جاتی ہیں انہیں ملک چلا نا نہیں آتا ،وزیر اعلیٰ سندھ بہترین کام کر رہے ہیں ۔

 ٹنڈو آدم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے پاپولر فام ہاؤس پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے  ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ان  حکمرانوں کا جھگڑا مجھ سے صرف 18 ویں آئینی ترمیم پر ڈاکہ مارنے کے لئے ہے ،وہ کراچی سے سول ایوی ایشن کا مرکز ختم کر کے اسلام آباد لے جا رہے ہیں تاکہ  نئے دفاتر  بناکر کمیشن کمایا جائے، سول ایوی ایشن کا مرکز ختم ہو نے سے یہاں کے لوگوں کی نوکریاں بھی ختم ہو جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ حکمران بے وقوف ہیں اور انھیں ملک چلانا نہیں آ رہا ہے ہم نے بھی ملک چلایا ،اتنا ڈرنے کی بات نہیں ہے جتنا یہ ڈرتے ہیں ،بجٹ ہم نے بھی بنایا تھا ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا تھا کیونکہ ہمیں غریبو ں کی سوچ ہوتی ہے جبکہ ان کو اپنے محلات کی سوچ ہوتی ہے ،ہماری سوچ عوامی ہے، ہم نے گڑھی خدا بخش بھٹو کی دھرتی کی قسم کھائی ہے کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات پر چلیں گے، میں نے گڑھی خدا بخش کی دھرتی کی قسم کھائی ہے ، ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قول پر چلتا رہوں گا ۔انہوں نے کہا کہ جس کو یہ پاکستان کہتے ہیں وہ ان کی جانب سے نہیں بنایا تھا ، پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مکالمہ کرکے بنایا تھا جو میرے بزرگوں کے سکول میں پڑھے تھے ۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کہتی تھیں کہ سندھ کا بے روزگار جب نوکری کی بات کرتا ہے تو اس کی آواز اس کے پیٹ سے نکلتی ہے،سندھ کی عوام کا شکریہ جنھوں نے گذشتہ الیکشن میں بلاول بھٹو کا ووٹ دے کر یہ ثابت کیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح کو یہ پیغام دیا کہ ہم بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان وزیر اعلیٰ بہترین کام کر رہا ہے،1988کے بعد سندھ نے ترقی کی ہے ، انہوں نے ازرامذاق کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ دل کا کنجوس ہے کیونکہ یہ بینکر ہے ان سے جب بھی پیسے مانگتے ہیں تو یہ کہتے ہیں کہ فی الحال پیسے نہیں ہیں لیکن باقی سب خیر ہے۔آصف زرداری نے سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے جوہر آباد ریلوے انڈر پاس  بنوانے کے مطالبے پر اس کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے ٹنڈوآدم میں انڈر پاس بنوایا جائے گا ۔

مزید : قومی /اہم خبریں