”پیار کے صدقے“یمنی اور بلال مرکزی کردارمیں جلوہ گر
لاہور(فلم رپورٹر)مومل انٹرٹینمنٹ اور ایم اینڈ ڈی پروڈکشنزکے بینرز تلے بننی والی نئی ڈرامہ سیریل ”پیار کے صدقے“ جس میں یمنی زیدی اور بلال عباس مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔یہ ڈرامہ نجی چینل سے آن ائیر ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی عبداللہ‘ اس کی ماں منصورہ بیگم اور اس کے سوتیلے باپ سرور عاقل جو کہ انتہائی مکار اور لالچی فطرت کا مالک ہے‘ کے گرد گھومتی ہے۔سرور عاقل نے منصورہ بیگم کی جائیدا د پر قبضہ قائم رکھنے کی غرض سے اس خاندان کی ساری باگ دوڑ اپنی مٹھی میں رکھی ہوئی ہے۔ عبداللہ کی زندگی کے تمام فیصلے بھی اسی کی مرضی کے محتاج ہیں۔سرور عاقل‘عبداللہ کی ہربات کو بلاوجہ تنقیدکا نشانہ بناتا ہے وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر میدان میں بری طرح سے ناکام ہے۔
پے در پے ناکامیوں اور سرور عاقل کی بلاوجہ کی تنقید نے عبداللہ کو ہکلا اور اعتماد سے عاری انسان بنادیا ہے جو اپنے ہر فیصلے کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ڈرامے کی کہانی اس وقت ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے جب عبداللہ اپنی محبت میں ناکامی کے بعد ڈرامائی انداز میں ایک ایسی لڑکی سے شادی کرلیتا ہے جس پر سرور عاقل کی نظر تھی اور یہیں سے دھوکے‘فریب اور سازشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔اس ڈرامے کی ہدایات فاروق رند کی ہے جب کہ یہ کہانی زنجبیل عاصم شاہ کی تحریر کردہ ہے۔دیگر کرداروں میں عتیقہ اوڈھو‘ عمیر رانا،یشمہ گل اور دیگر شامل ہیں۔