مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’اًن کہی‘ اب تھیٹر پر پیش ہوگی
لاہور(فلم رپورٹر)ماضی کا مقبول ترین ڈرامہ ’اًن کہی‘ اب تھیٹر پر پیش کیا جائے گا، جس کا پہلا شو 15 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔اس بات کا اعلان ڈرامہ نگار حسینہ معین، اداکار ساجد حسن اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آڈیٹوریم II، احمد شاہ بلڈنگ میں ”ان کہی“ سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ حسینہ معین ملک کی معروف ڈرامہ نگار ہیں، جن کے ڈرامے میں عورت کو کبھی کمزور نہیں دکھایا گیا، حسینہ معین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی مقام رکھتی ہیں۔
، ان کا ڈرامہ اتنا مضبوط ہوتا تھا کہ لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہو جاتے۔صدر آرٹس کونسل کا کہنا تھا کہ ان کے مقبول ترین ڈرامے ”اًن کہی“ کو تھیٹر میں پیش کیا جارہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ڈراموں کو تھیٹر میں لائیں، کراچی میں کوئی تھیٹر نہیں تھا آرٹس کونسل نے تھیٹر آباد کیا اور ہماری تھیٹر اکیڈمی نوجوانوں کے لئے کام کررہی ہے۔