یورپ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہت گنجائش موجود ہے فیڈمک

  یورپ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہت گنجائش موجود ہے فیڈمک

  



لاہور (آن لائن)فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا اعلی سطح کا وفد باہمی تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ اور وفود کے تبادلے کے ذریعے قریبی تعاون کو بڑھانے کے لئے ہفتہ کو یورپ کے دورے پر روانہ ہوگیا۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دس روزہ دورے کے دوران وفد جرمنی، اٹلی اور برطانیہ سمیت پانچ ممالککا دورہ کرے گا تاکہ سی پیک کے خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں قائم ہونے والے فیڈمک کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دورے سے یورپی سرمایہ کاروں، محققین اور بزنس لیڈرز کے ساتھ براہ راست ملاقاتوں کے نتیجے میں شراکت داری کے فروغ اور کامیاب علاقائی معاشی حکمت عملی کی تیاری میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپ کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات میں بڑی صلاحیت اور گنجائش موجود ہے اور پاکستانی تاجر برادری کیلئے ضروری ہے کہ وہ یورپی مارکیٹ میں مسابقت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرے۔ پاکستان یورپی ممالک خصوصا برطانیہ، اٹلی، فرانس، سپین اور جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں اور یورپی ممالک سی پیک منصوبوں میں دستیاب کاروباری مواقع سمیت پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً بنیادی ڈھانچے، توانائی، زراعت، دفاع، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبیمیں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔اس سے مختلف سطحوں پر پیداواری قدر بڑھانے اور عمومی طور پر پیداوار میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ اگر درست شعبہ جات میں ٹارگٹڈ سرمایہ کاری کی جائے تو پاکستان میں معیاری مصنوعات کی تیاری اور ان کی برآمدات میں اضافے کی بڑی صلاحیت ہے۔

میاں کاشف نے کہا کہ حالیہ سیاسی اور معاشی استحکام نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، معروف کاروباری کمپنیاں بڑی سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں اور پوری دنیا سی پیک کے فوائد اور ثمرات کو سمیٹنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ پاکستان خام مال، سستی و تربیت یافتہ افرادی قوت اور یورپی یونین، سنٹرل ایشیا اور خلیجی ریاستوں کیلئے تھرڈ پارٹی مارکیٹنگ کے حوالے سے بہترین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک ہمہ وقت اپنے صارفین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ایم تھری منصوبے کی تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے کاروباری آسانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

مزید : کامرس