کنٹرول لائن، چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری، ایک شہری شہید، خاتون زخمی، ناظم الامو ر کی دفتر خارجہ طلبی ، احتجاج

کنٹرول لائن، چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری، ایک شہری شہید، خاتون زخمی، ...

  



راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری میر محمد شہیدجبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی،آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے چری کوٹ سیکٹر میں مارٹر گولوں اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔زخمی خاتون کوطبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر کے ککوٹا گاؤں سے ہے۔بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بر وقت طور پر جواب دیتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔دوسری جانب اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے احمقانہ اور بے حسی پر مبنی بھارتی اقدامات نہ صرف 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں بلکہ بھارتی جارحیت عالمی انسانی حقوق اور عالمی اقدار کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے ایسے واقعات کو خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی میں اضافہ کر کے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی دانستہ طور پر خلاف ورزیوں کے حالیہ واقعے بھارت کے اندورنی حالات سے دنیا کی نظر نہیں ہٹا سکتی۔ دوسری طرف آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری شہری میر محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔فاروق حیدر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے زخمی خاتون کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں گی، بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر سکولوں اور صحت مراکز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کی بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بھارتی چوکی کو اڑانے والے پاک فوج کے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں، کنٹرول لائن کے علاقوں میں انتظامیہ الرٹ رہے۔

مزید : صفحہ اول