تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، چیف جسٹس کے عمارتیں گرانے کے حکم پر عمل ہوگا: سندھ حکومت

    تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، چیف جسٹس کے عمارتیں گرانے کے حکم پر عمل ہوگا: ...

  



  کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے اور ہم چیف جسٹس کے شہر کی بہتری کے وژن کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں 900 سے زائد غیرقانونی تعمیرات ہیں جنہیں چیف جسٹس نے گرانے کاحکم دیا لہذا احکامات پر عمل ہوگا لیکن اس کے لیے وقت درکار ہے کیونکہ کراچی بڑا شہر ہے مکمل تجاوزات کے خاتمے میں وقت لگے گا۔صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمارتوں میں مقیم اہل خانہ سے ہمدردی بھی ہے، لوگوں کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے لیکن دوسروں کی جگہوں پر قبضہ بھی صحیح نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہوں وہاں لوگوں کو نہ ہٹایا جائے اس لیے جن عمارات میں لوگ نہیں رہتے انہیں پہلے گرائیں گے۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے شکایات سیل بنایا گیا ہے اور کرپشن کی شکایت پر ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔کراچی میں کچی آبادیوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جامع پلان بنا رہے ہیں جس میں پرانی آبادیوں اور قدیم گوٹھوں کو ریگولرائز کیا گیا ہے۔آئی جی سندھ کے معاملے پر ناصر شاہ نے کہا کہ آئی جی سندھ کو فوری چھٹی لینی چاہئے،کنفیوژن صحیح نہیں ہے، پہلے بھی کہا تھا، آج بھی کہتاہو ں، آئی جی صاحب کو چھٹی پر چلے جانا چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وعدہ کرنے کے باوجود بھی آئی جی کی تبدیلی کو تنازع بنادیا گیا جب کہ دیگر صوبوں میں فوری آئی جی تبدیل ہوجاتے ہیں مگر سندھ میں نہیں ہوتے کیوں کہ یہاں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہے۔ناصر شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، آئی جی کو فوری طور پر چھٹی پر چلے جانا چاہئے، سندھ کے سوا ہر صوبے میں آسانی سے پولیس سربراہ بدل جاتا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس کے احکامات پر من و عن عمل کریں گے، غیر قانونی تعمیرات میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، ایس بی سی اے میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایات سے متعلق ڈیسک بنایا، پرانی آبادیوں کو ریگولرائز کیا گیا، گاؤں کی زمینوں پر بلڈر مافیا نے غیر قانونی قبضے کرلیے۔ انہوں نے کہا آئی جی سندھ کے معاملے کو بلاوجہ متنازعہ بنا دیا گیا، امید ہے معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

سندھ حکومت

مزید : صفحہ اول