مڈٹرم الیکشن یا ان ہاؤس تبدیلی کا خواب دیکھنے والے نامراد رہیں گے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن یا ان ہاؤس تبدیلی کا خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی نامراد رہیں گے،مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد ہے اور یہ اتحاد قائم رہے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے۔صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ افہام و تفہیم کے ساتھ ہی معاملات آگے کی جانب بڑھتے ہیں۔ اپوزیشن ذہن نشین کر لے کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ اتحاد میں نفاق ڈالنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ اپوزیشن سیاسی طور پر ناک آؤٹ ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جن کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ پاکستان کو عمران خان جیسا شفاف اور ایماندار لیڈر ملنا کسی نعمت سے کم نہیں۔علاوہ ازیں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا سکے ہیں نہ دبا سکیں گے۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور 5 فروری کو پاکستان بھر میں بھرپور انداز سے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر عوام سے تشکر کا اظہار کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور کل بھی ساتھ رہیں گے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر عالمی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا اور انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معروف اداکارہ نگہت بٹ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معروف مصنفہ محترمہ نثار عزیز بٹ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کی اردو ادب کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے منفرد اسلوب سے اردو ادب کو نئی جہت دی۔
سردار عثمان بزدار