میوچل لیگل کریمنل ایکٹ 2020،اپوزیشن کی تجاویز مان لی گئیں
اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے میوچل لیگل اسسٹنس(کریمنل میٹرز) ایکٹ 2020 میں ترامیم کا اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کو اپوزیشن نے سینیٹ میں بغیر ترمیم کے منظور کرنے سے انکار کردیا تھا۔حکومت اور اپوزیشن کے قانونی ماہرین کی جانب سے بل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متعدد ترامیم پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔وزیرقانون فروغ نسیم اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک سمیت دیگر رہناؤں نے بل کا تفصیلی جائزہ لیا۔حکومت نے فاروق ایچ نائیک کی جانب سے تجویز کردہ بنیادی ترامیم تسلیم کرلیں۔ مرکزی اتھارٹی سیکرٹری داخلہ کے ساتھ ایک ایگزیکٹو کمیٹی بنانے کی ترمیم پر اتفاق کیا گیا،ایگزیکٹو کمیٹی میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی سیکرٹری قانون، اور چاروں صوبوں کے ہوم سیکرٹری شامل ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق بل کی کئی شقوں کے الفاظ میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے باہمی قانونی مدد کے بل پر اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن سے بات چیت میں بل کے نوے فیصد نکات پر اتفاق ہوگیا ہے،ایک دو روز میں اپوزیشن کو بل کا متبادل ڈرافٹ پیش کریں گے۔امید ہے یہ بل سینیٹ کے رواں سیشن میں ہی منظور کرلیا جائے گا۔ فروغ نسیم نے کہاکہ دوسرے مرحلہ میں اپوزیشن کے ساتھ انٹی منی لانڈرنگ بل پر بات چیت شروع ہوگی۔
تجاویز تسلیم