غریب عوام نیازی صاحب کی سونامی سے گھائل ہو چکے، پیپلز پارٹی

غریب عوام نیازی صاحب کی سونامی سے گھائل ہو چکے، پیپلز پارٹی

  



اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ غریب عوام نیازی صاحب کی سونامی سے گھائل ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال دس لاکھ افراد کی بیروزگاری اور رواں سال مزید 12لاکھ افراد کی بیروزگاری کی بری خبر نے عوام کی دل کی دھڑکنیں بے ترتیب کر دی ہیں۔ عمران خان اگر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو برائے مہربانی اپنے گھر کا راستہ اختیار کریں اس میں ہی عوام کی بھلائی ہے، وزیر اعظم کی جانب سے غریبوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے بیان پر پارٹی کا ردعمل دیتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو ایک کروڑ ملازمتیں اور غریبوں کو 50لاکھ مکان دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اس وعدے کے برعکس لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور بیروزگار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی عہدیدار اور محکمے خود کہہ رہے ہیں کہ اس سال مہنگائی مزید بڑھے گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا تو پھر خان صاحب عوام کو جھوٹے لارے کیوں دے رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہر دعوے کو الٹا سمجھا جائے۔ وہ عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے ان کے اوپر ایک اور منی بجٹ بم گرانے والے ہیں۔

پیپلز پارٹی

مزید : صفحہ آخر