ڈیرہ: غیر قانونی واٹر کنکشن، موٹر لگانے والوں کیخلاف شکنجہ تیار
ڈیرہ (ڈسٹرکٹ رپورٹ، نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر)واٹر سپلائی کے غیر قانونی کنکشن اور موٹر لگانے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کیا جانے لگا۔کنکشن منقطع کرنے ساتھ مقدمات درج کرکے حوالات بھیجا جائیگا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے احکامات جاری کردئیے. کمشنرنے کارپوریشن کے افسران اور عملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی(بقیہ نمبر43صفحہ7پر)
کنکشنز کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائیگا۔گرمیوں میں پینے کے پانی کی فراہمی بہتر کرنے کیلئے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر خراب 11 ٹیوب ویل درست کرکے شہر کی تمام 9 واٹر سپلائی سکیموں کے 32 ٹیوب ویلوں سے سو فیصد پانی کی فراہمی شروع کردی جائیگی۔ڈیڑھ سال بعد تمام واٹر سپلائی میں کلورینیشن کرائی جارہی ہے جو مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔کمشنر نے کہا کہ پرانی،بوسیدہ پائپ لائنز اورتین سو سے زائد خراب والو تبدیل کئے جارہے ہیں۔تمام لائنوں کو سیوریج لائن سے چار فٹ تک اونچا رکھا جائیگا تاکہ سیوریج کے پانی شامل ہونے کا اندیشہ نہ رہے۔ انہوں نے کہ پانی کے سورس کا دس روز کے اندر ہر گھر کے مکینوں کو باقاعدہ مطلع کردیا جائیگا۔کمشنر نسیم صادق نے واٹر سپلائی سکیم کے ٹیوب ویل کے کمپن عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ مشینری کا سروے کر کے مرمت اور بحالی کیلئے سفارشات پیش کریں. انہوں نے کہا کہ عوام اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے واٹر کنکشن فیس اور دیگر واجبات فوری اداکریں اور حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ گرمیوں میں بھی طلب کے مطابق صاف پانی عوام کو فراہم کیا جائے انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی بھی بڑھائی جاسکتی ہے اور اوقات کار کے شیڈول کو عوام کی آگاہی کیلئے نمایاں جگہوں پر آویزاں کردیاجائیگا۔علاوہ ازیں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ہمراہ مانکا کینال کا دورہ کرتے ہوئے ڈی سیلٹنگ اور ڈریسنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد عرفان خالد اور دیگر افسران ہمراہ تھے.کمشنر نے کہا کہ مانکا کینال ڈیرہ غازی خان کی 20 سال بعد ڈی سیلٹنگ کرائی جارہی ہے چار فٹ تک گہرا اور 14 فٹ تک چوڑا کرکے سیوریج کے پانی کا بہاؤ آئندہ دس سال کیلئے بہتر کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مانکا کینال شہر کی واحد ڈرین ہے۔ڈی سیلٹنگ سے کھڑے پانی کی بدبو ختم ہوگی۔ ڈریسنگ کے بعد خوبصورت اور ماحول دوست پودے لگائے جارہے ہیں۔کناروں پر گرین بیلٹس بناکر بچوں کیلئے جھولے،بنچز،سلائیڈنگ لگائی جارہیں۔مانکا کینال کو بچوں کی تفریح کا مرکز بنایا جائیگا۔بچوں کی سواری کیلئے بگھی بھی تیار کرلی گئی ہے۔بگھی میں بچوں کی تفریح کا ہرممکن سامان مہیا کیا گیا ہے۔بہت جلد مانکا کینال پر بگھی دوڑتی نظر آئے گی.اس موقع پرایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد عرفان خالد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار، اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ، چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید، ایگزیکٹوانجینئرز ہمایوں مسرور، عمیر لطیف اوردیگر افسران ہمراہ تھے۔:کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں صحافی کالونی کیلئے کام کیا جارہا ہے تین چار سائٹس کا خود معائنہ کرچکے ہیں۔صحافی کالونی کیلئے بہتر جگہ کی نشاندہی جلد کرلی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ دو تین بار براہ راست پیشرفت کے بارے میں پوچھ چکے ہیں۔انہوں نے یہ بات صدر پریس کلب سجاد احمد خان چنوں کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سخی سرور روڈ پر تجویز کردہ جگہ ان کے نزدیک مناسب نہیں ہے وہاں آئندہ بیس تیس سال تک آبادی نہیں ہوسکتی۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ صحافی کالونی کیلئے بہتر جگہ دی جائے جس کیلئے وہ دانش سکول سے ملحقہ رقبہ کے علاؤہ دیگر جگہوں اور ریکارڈ کا خود جائزہ لے چکے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پریس کلب شمشاد احمد،گروپ لیڈر شیخ طارق اسماعیل قریشی،جنرل سیکرٹری بخت محمد کھوسہ،نائب صدر شیخ طاہر معراج،سابق صدر انجمن صحافیان فاروق احمد غوری اور رزاق کھوسہ کے علاوہ چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید موجود تھے۔کمشنر ڈیرہ غازی ڈویژ ن نسیم صادق سے ہوٹلز مالکان نے ملاقات کی۔کمشنر نے صفائی اور متعلقہ امور سے متعلق ہدایات جاری کیں. کمشنر نے کہا کہ ہوٹلز مالکان چار دیواری کے اندر گاڑیوں کی پارکنگ یقینی بنائیں۔ سڑکیں عوام کیلئے ہیں۔ عمارتوں کے نقشہ،پانی کے کنکشن فیس اور دیگر واجبات فوری ادا کئے جائیں۔ہوٹل کے کچن ویسٹ کیلئے سپٹنگ ٹینک بنائے جائیں تاکہ چکنائی سیوریج لائن میں نہ چلی جائے اس سے سیوریج لائن کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ہوٹل کا کوڑا کارپوریشن کے مختص کردہ نزدیکی کلیکشن پوائنٹ پر ڈالا جائے۔
شکنجہ تیار