نوجوانوں کے مسائل کا حل اول ترجیح،ڈاکٹر امجد علی

نوجوانوں کے مسائل کا حل اول ترجیح،ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں آنے کے بعد سے ہی نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صوبے بھر میں ایک ہزار کھیلوں کے میدان بنانے کے منصوبہ پر کام ہورہا ہے جبکہ تحصیل کی سطح پرسپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کئے جائینگے۔ یونین کونسل کوٹہ نوے کلے سوات میں کھیلوں کے میدان کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے کھیلوں کے میدان میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائینگی۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ماہانہ اعزاز یہ پروگرام بھی شروع کیا ہوا ہے، جس کے تحت نیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جارہا ہے۔ وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے بھر میں ایک ہزار کھیلوں کے میدان تیار کرانے کا منصوبہ جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب اور کھیلوں کے میدان آباد ہوسکیں جس سے نوجوان غیر ضروری سرگرمیوں میں پڑنے سے بچ سکیں گے اور ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئیگی۔