صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کہاں غائب ہوگیا؟خرم شیر زمان

  صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کہاں غائب ہوگیا؟خرم شیر زمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر خرم شیر زمان نے گذشتہ 12 سالوں میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ضلعی کونسلوں، ضلعی میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیوں اور ٹاون کمیٹیوں کو نیا پی ایف سی ایوارڈ جاری نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کی زیرقیادت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی مقامی حکومتوں کے لئے صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کہاں غائب ہوگیا؟وزیراعلیٰ سندھ آئندہ اجلاس میں سندھ اسمبلی کو صوبائی فنانس کمیشن (پی ایف سی) کی حیثیت سے آگاہ کریں۔میں وزیراعلیٰ کو یاد دلاتا ہوں کہ سندھ اسمبلی میں 2جولائی 2019کو پی ٹی آئی کی جانب سے پی ایف سی کی فوری تشکیل کے لئے تجویز کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔ تب سے ہم نے اس معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں دیکھی۔ میڈیا ڈپارٹمنٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اپنے مقامی حکومت کے قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے کیونکہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 112 میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے لئے لازم ہے کہ وہ ہر چار سال میں پی ایف سی ایوارڈ جاری کرے اور صوبے سے تمام اضلاع اور لوکل گورنمنٹ اداروں کو مالی حصہ تقسیم کرے۔پی ایف سی کا آخری ایوارڈ 2007 میں مشرف دور میں جاری کیا گیا تھا۔ یہ ایک مذاق ہے، خاص طور پر ایسی جماعت کے لئے جو پاکستان میں ’جمہوریت کے ساکھ‘ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا نہ کرنے سے کراچی کے عوام پر بری طرح اثر پڑ رہا ہے، کیونکہ انہیں ناقص حالات اور خستہ حال انفراسٹرکچر کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کو صوبائی فنڈ سے اپنا جائز حصہ ملے۔