آئی جی پنجاب کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپر یشن مزید تیز کرنے کا حکم

آئی جی پنجاب کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپر یشن مزید تیز کرنے کا حکم

  



لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب نے کیپیٹل سٹی پولیس آفس کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہور نے آئی جی شعیب دستگیر کو کرائم فائٹنگ اور جدید پراجیکٹس کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کیلئے تھانوں کی ورکنگ کو بہتر سے بہتر بنانا نہایت ضروری ہے۔ اشتہاری مجرمان، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ تمام افسران کلوز مانیٹرنگ، موثر سپرویژن اور انسپکشن سے تھانوں کی ورکنگ کا بغور جائزہ لیں اور قانون کے یکساں نفاذ کے ذریعے عوامی مسائل اور شکایات کے بروقت ازالے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کے حل میں تاخیری حربے اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسر واہلکار کسی رعائیت کے مستحق نہیں لہذا ایسے افسران کے خلاف ڈسپلن میٹرکس کے مطابق سخت سے سخت سزا میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔

انہوں نے تاکید کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، اسکے استعمال اور خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے جبکہ ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے اور جو بھی شہری قانون کے خلاف ورزی کرے اس کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور عوام کی املاک پر قبضہ کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور سینئر افسران ان آپریشنز کی خود نگرانی کرتے ہوئے ہفتہ وار پراگریس رپورٹس بھی باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس شہدائے اور ملازمین کی فلاح کیلئے بنائی گئی ”ویلفیئر آئی“پراجیکٹ کا دائرہ کار صوبے کے باقی اضلاع میں پھیلایا جائے تاکہ دوران سروس شہادت کا اعزاز پانے یا انتقال کرجانے والے ملازمین کے اہل خانہ کے مسائل کا فی الفور ازالہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فرنٹ ڈیسک، آپریشنز، انویسٹی گیشن اور پٹرولنگ سمیت تمام شعبوں کی کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارتوں کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا تمام افسران جدید پیشہ ورانہ تربیت اور موثربریفنگ اور بروقت مانیٹرنگ کے ذریعے ماتحت افسران کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کیپیٹل سٹی پولیس آفس لاہور کے دورے کے دوران افسران کو ہدایات دیتے کیا۔

مزید : علاقائی