کبڈی ورلڈ کپ، شائقین اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل

کبڈی ورلڈ کپ، شائقین اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس کی جانب سے کبڈی ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے جس کے مطابق 08ایس پیز،31ڈی ایس پیز، 76انسپکٹرزاور 367اپر سب آرڈینیٹس فرائض سر انجام دیں گے۔میچز کے دوران مجموعی طور پر05ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی بحالی کے لئے لاہور پولیس بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔کبڈی میچز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو دیئے جانے والی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔لاہور پولیس کبڈی ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے مکمل تیار ہے۔سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے بھی مکمل رابطہ میں ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ اورپنجاب سٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں۔ڈولفن سکواڈ اورپولیس رسپانس یونٹس کی مسلسل پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ قیام گاہ، سٹیڈیم اور روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات بھی کئے جائیں گے

۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کبڈی ٹیموں اورپنجاب سٹیڈیم کے اطراف ہونے والی نقل و حرکت مانیٹر کی جائیگی۔میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شرکاء کو تین سطحی سکیورٹی حصار سے گزر نے کے بعد ہی سٹیڈیم میں جانے کی اجازت ہو گی۔باڈی سرچ کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شہریوں کی سکیورٹی کے پیش نظر مخصوص مقامات پر پارکنگ کے انتظامات ہونگے۔شائقین کبڈی کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے لاہور پولیس سے تعاون کریں اور پولیس کی جانب سے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

مزید : علاقائی