اشیائے خوردونوش سستی کرنے کا فیصلہ، غریب کا احساس نہیں کر سکتے تو حکومت کا حق نہیں ہر حال میں قیمتیں نیچے لاؤں گا: عمران خان 

اشیائے خوردونوش سستی کرنے کا فیصلہ، غریب کا احساس نہیں کر سکتے تو حکومت کا حق ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وفاقی حکومت نے آٹا، گھی، چینی اور دالوں کی قیمتیں کم کر نے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں کا احساس نہیں کرسکتے تو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں، ہرحال میں قیمتیں نیچے لاؤں گا، جو لوگ راشن نہیں خریدسکتے ان کو راشن پہنچائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ، حماد اظہر، جہانگیرترین، علی زیدی،شہباز گل، ثانیہ نشتراور چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز بھی شریک تھے۔ اجلاس میں حکومت نے آٹا، گھی، چینی اور دالوں کی قیمتیں کم کر نے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مشیرخزانہ حفیظ شیخ کو ہدایت کی کہ کسی بھی چیزکا بجٹ کاٹیں لیکن ہم غریبوں کو سہولت دیں گے۔قیمتوں میں کمی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔عوام کو مہنگائی میں ریلیف دینے کیلئے کچھ بھی کرنا پڑے کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں میں اشیاء خریدنے کی سکت نہیں ان کو حکومت راشن کارڈ دے گی۔ عام آدمی کے کچن میں بنیادی اشیاء ہر حال میں پہنچائیں گے۔غریبوں کو ریلیف دینے کیلئے ہی حکومت میں آئے ہیں، اگر غریب کا احساس نہیں کرسکتے تو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی سابق دور حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ذخیرہ اندوزوں نے بڑے معاملات خراب کیے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی سٹور کے چیئر مین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آٹا بحران میں یوٹیلیٹی سٹورز نے بہترین کام کیا، یوٹیلیٹی سٹورز کی سیل میں 800 فیصدتک اضافہ ہوا۔

عمران خان 

مزید : صفحہ اول