بابر اعظم مسلسل تین ٹیسٹ سنچریاں بنانیوالے ساتویں بیٹسمین

بابر اعظم مسلسل تین ٹیسٹ سنچریاں بنانیوالے ساتویں بیٹسمین

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم مسلسل تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کرنے والے 7ویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں - 25 سالہ بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی 5 ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، یہ ان کی گزشتہ تین ٹیسٹ میچزمیں مسلسل تیسری سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو جاوید میانداد کے پاس بھی نہیں تھا، بابر پاکستان کے 7 ویں بلے باز ہیں جنہوں نے مسلسل تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے مسلسل ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کرنیکا اعزاز سابق کپتان محمد یوسف کے پاس ہے جنہوں نے مسلسل 5 میچز میں سنچریاں سکور کی تھیں -

ان کے علاوہ مسلسل تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کرنے والے قومی بلے بازوں میں ایشین بریڈمین ظہیر عباس، مدثر نذر،شعیب محمد،محمد یوسف،یونس خان اور محمد حفیظ شامل ہیں -یاد رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 2 کے مجموعی سکور پر عابد علی بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔اوپنر شان مسعود اور کپتان اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 93 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر اظہر علی بھی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔پاکستانی ٹیم کو تیسرا نقصان 205 کے مجموعی سکور پر شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 160 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور چائے کے وقفے سے چند لمحات قبل ہی تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے ابوجید اب تک کے سب سے کامیاب باؤلر ہیں جنہوں نے 13 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی