سپر لیگ کیلئے کھلاڑیوں کے متبادل پر مشتمل ڈرافٹ کا انعقاد
لاہور(این این آئی)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیے کھلاڑیوں کے متبادل پر مشتمل ڈرافٹ پی سی بی کے ہیڈ کواٹرز، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں شامل فرنچائزز نے ابتدائی ڈرافٹ میں پک کیے گئے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث متبادل کھلاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر ایونٹ میں شرکت کے لیے پک کرلیا پانچویں ایڈیشن کے لیے پشاور اور کراچی کنگز نے 2،2 جبکہ لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے 1،1متبادل کرکٹر کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی کنگز نے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پک کیے گئے دونوں کھلاڑیوں کو مکمل ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا تاہم پشاور زلمی کی ایک پک مکمل ایڈیشن اور دوسری جزوقتی طور پر اسکواڈ کا حصہ ہوگی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے مکمل ایڈیشن کے لیے ایک ایک جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ وقت تک کے لیے ایک ایک متبادل کرکٹر کا انتخاب کیا ہے۔ پی ایس ایل 2020 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے عمل میں منتخب شدہ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث ریپلیسمنٹ ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جو کھلاڑی ابتدائی ڈرافٹ سے قبل ہی عدم دستیابی ظاہر کرچکے تھے ان فرنچائزز کو ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پہلے پکس دی گئیں۔