کنٹرول لائن، بھارتی گولہ باری سے خاتون زخمی، بجلی کا نظام درہم برہم، کئی مکان تباہ ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

کنٹرول لائن، بھارتی گولہ باری سے خاتون زخمی، بجلی کا نظام درہم برہم، کئی ...

  



راولپنڈی،آٹھ مقام(این این آئی) بھارتی فوج کی شاہکوٹ،آٹھ مقام اور چری کوٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری شہید،دوخواتین زخمی، بجلی کا نظام درہم برہم اور متعدد مکانات کو بھاری نقصان پہنچاجبکہ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں اوربھارتی فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر پیچھے کی طرف بھاگ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے وادی نیلم میں شاہکوٹ،آٹھ مقام اور چری کوٹ سیکٹرز میں بھاری توپخانے سے گولہ باری شروع کردی،بھارتی توپوں کے گولے سیاحتی مقام کٹن اور کٹن شاہی کے مضافاتی علاقوں میں گرے جس سے متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی ہیڈکواٹر آٹھ مقام اور مضافاتی علاقوں راوٹہ شنگاں بگنہ پائین لالہ میں مارٹر گولے داغے گئے۔ جس سے ککوٹا گاؤں کا میر محمد شہید جبکہ لالہ گاؤں کی منور جان زوجہ محمد شفیع سمیت ایک اور خاتون زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لالہ میں سکول کے قریب شبیر ولد عبدالمجید کا مکان کا مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ بگنہ پائین میں متعدد رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پاک فوج نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا جس سے کئی بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے ہیں۔ بھارتی فوج کے بنکرز کے قریب آگ لگنے سے بھی بھارتی فوج کا بڑے پیمانے پر نقصان ہو ا ہے۔ رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا کشیدگی برقرار ہے۔ لوگ بنکرز میں محبوس ہو کررہ رہے گئے ہیں۔ کنڈل شاہی اور پلنگ کے مقامات پر بجلی کی لائنیں کٹنے سے ضلعی ہیڈکواٹر میں اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔ محکمہ برقیات کے اہلکار بجلی کی بحالی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

کنٹرول لائن فائرنگ

مزید : صفحہ اول